پیٹرول مہنگا ہوتے ہی گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایے بڑھا دیے

پیٹرول مہنگا ہوتے ہی گڈز ٹرانسپورٹرز  نے کرایے بڑھا دیے

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔

صدر گڈز ٹرانسپورٹرزملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکی شدید مذمت کرتے ہوئےکہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کا فیصلہ ناقابلِ قبول ہے،حکومت یہ فیصلہ فوری واپس لے۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت کی یقین دہانی پر ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کی تھی، تاہم ہمارے بیشتر مطالبات تاحال التوا کا شکار ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات پر مقررہ مدت میں پیش رفت نہ ہوئی تو گڈز ٹرانسپورٹرز دوبارہ ملک گیر ہڑتال کریں گے۔

واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے 90 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا،نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت بڑھ کر 358 روپے 77 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 381 روپے 77 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :مشرقِ وسطیٰ کشیدگی، عالمی منڈی میں خام تیل مزید مہنگا

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد صارفین کو فی لیٹر پیٹرول کے لیے پہلے کے مقابلے میں 12 روپے 90 پیسے زیادہ ادا کرنا ہوں گے۔

پیٹرول کی نئی قیمت 358 روپے 77 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، قیمت میں اضافے سے ملک بھر میں موٹر سائیکل، گاڑی اور دیگر پیٹرول سے چلنے والی گاڑیوں کے اخراجات بڑھنے کا امکان ہے،حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 3 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا ہے۔

editor

Related Articles