پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کےمطابق فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے یومیہ معاوضے میں اضافےکااطلاق آئندہ انسدادِ پولیو مہم سے ہوگا۔
گزشتہ چند ماہ کے دوران فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے ساتھ لسننگ سیشنز کا انعقاد کیا گیا، لسننگ سیشنز میں پولیو ورکرز نے اعلیٰ قیادت کے ساتھ براہِ راست اپنے خیالات، تجاویز اور مسائل سے آگاہ کیا ، فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے ساتھ لسننگ سیشنز کے بعد یومیہ معاوضے میں 28 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائےانسدادِپولیوعائشہ رضا فاروق کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پولیو ورکرز کے اس معاوضے میں اضافہ ان کی محنت، لگن اورخدمات کا اعتراف ہے ، فرنٹ لائن پولیو ورکرز ملک کو پولیو سے پاک بنانےکی کوششوں میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
ان کا مزید بتانا تھا کہ آئندہ ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک ملک کے 115 اضلاع میں منعقد ہوگی،جس کے دوران 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔