قائم مقام صدر پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح کرتے ہوئے اسے پارلیمانی نظام کی ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹ موبائل ایپ کا اجرا صرف ایک نئی ایپلی کیشن کا آغاز نہیں بلکہ پارلیمانی امور کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کی جانب پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے قیام کے بعد ادارے کے ڈیجیٹل سفر میں یہ ایک نیا مرحلہ ہے۔ ٹیکنالوجی کے استعمال سے وقت کی بچت، کارکردگی میں بہتری اور غیر ضروری انتظامی مراحل میں کمی لائی جا سکتی ہے۔
قائم مقام صدر کے مطابق سینیٹ سیکریٹریٹ پہلے ہی ای آفس نظام اپنا چکا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، جبکہ موبائل ایپ بھی اسی وسیع تر ڈیجیٹل تبدیلی کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا مقصد صرف سہولت فراہم کرنا نہیں بلکہ پارلیمان کو زیادہ شفاف، مؤثر اور عوام کے قریب بنانا ہونا چاہیے۔ سینیٹ کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے پارلیمانی سرگرمیوں سے متعلق معلومات عوام تک پہنچائی جا رہی ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز عوام کو اپنی رائے کے اظہار کا موقع دینے کے ساتھ ساتھ غلط معلومات کے تدارک میں بھی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے ڈیجیٹل آرکائیوز میں بھی توسیع کی جا رہی ہے تاکہ مستند پارلیمانی معلومات ارکان سینیٹ، محققین اور عام شہریوں کو آسانی سے دستیاب ہوں۔ اس سے شفافیت بڑھے گی اور جمہوری اداروں پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔
قائم مقام صدر نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی ایک مسلسل عمل ہے اور سینیٹ موبائل ایپ اسی سفر کا ایک اہم حصہ ہے۔ انہوں نے سینیٹ سیکریٹریٹ اور آئی ٹی شعبے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ارکان سینیٹ پر زور دیا کہ وہ نئی ٹیکنالوجی کو پارلیمانی ذمہ داریوں اور عوام سے رابطے کے لیے بھرپور انداز میں استعمال کریں۔ تقریب میں قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان، وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ، سینیٹرز، اعلیٰ حکام اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔