پاکستانی ڈرامہ ’آپ کی عزت‘ ان دنوں اپنے جذباتی اور حقیقت کے قریب مناظر کے باعث سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے۔
عمیرہ احمد کی تحریر اور سیف حسن کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامے میں عروہ حسین، احسن خان اور ثانیہ سعید سمیت دیگر اداکار اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ڈرامے کی کہانی ایک ایسے میاں بیوی کے گرد گھومتی ہے جن کی شادی کو 14 سال ہوچکے ہیں، تاہم شوہر کے مالی طور پر کامیاب ہونے کے بعد اس کے رویے میں نمایاں تبدیلی آجاتی ہے۔
کہانی میں تبش اپنی اہلیہ بینا کے بدلتے ہوئے حلیے اور وزن کو تنقید کا نشانہ بناتا ہے۔ اس کے رویے میں بیوی کی توہین، اس کی گھریلو زندگی کو کمتر سمجھنا اور مسلسل تنقید جیسے پہلو دکھائے گئے ہیں۔
حالیہ اقساط میں بینا کا اپنے شوہر کے سامنے کھڑے ہوکر اس کے رویے پر سوال اٹھانا سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا ہے۔ ڈرامے کے یہ مناظر لاکھوں صارفین کی توجہ حاصل کررہے ہیں۔ان ہی مناظر کو اداکار فیروز خان کی سابق اہلیہ علیزہ سلطان نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر شیئر کیا۔
علیزہ نے ویڈیو کلپس کے ساتھ ایسی تحریریں بھی شیئر کیں جنہیں سوشل میڈیا صارفین ان کی اپنی ازدواجی زندگی کی طرف اشارہ قرار دے رہے ہیں۔ایک اسٹوری میں انہوں نے لکھا کہ اکثر انسان اپنی پوری توجہ اور محبت انہی لوگوں کو دیتا ہے جنہیں اس کی پروا نہیں ہوتی، اور یہی انسانی فطرت ہے۔
علیزہ نے براہ راست کسی کا نام نہیں لیا، تاہم ان کی جانب سے ڈرامے کے انہی مناظر کا انتخاب اور ساتھ لکھی گئی باتوں نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔