پیٹرول کے بعد آٹے کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، شہری پریشان

پیٹرول کے بعد آٹے کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، شہری پریشان

ملک بھر میں پیٹرول کی قیمتوں نے جہاں عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے وہیں  آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں کیلئے کچن چلانا بھی دشوار ہوگیا ہے کیونکہ آٹا  130سے 135 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا ہے۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق  پنجاب کے ضلع  ملتان کے مختلف علاقوں میں آٹے کی قیمت 130 سے 135 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 15 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 2 ہزار روپے میں دستیاب ہے۔

 دوسری جانب بعض شہریوں نے بتایا کہ 15 کلو کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 100 روپے تک بھی وصول کی جارہی ہے۔

آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے بالخصوص کم آمدنی والے طبقے کے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے وہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ اخراجات پہلے ہی پورے کرنا مشکل ہے ایسے میں بنیادی ضرورت کی اشیا میں مسلسل اضافہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کررہا ہے۔

 متاثرہ شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے (دہاڑی دار) طبقے کے لیے مہنگائی کا مقابلہ کرنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :دنیا کیلئے خطرے کی گھنٹی ! پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کہاں پہنچنے والی ہیں؟ پیشگوئی آگئی

ایک شہری کا کہنا تھا کہ کبھی روزگار ملتا ہے اور کبھی نہیں ملتا ، ایسے میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار روپے میں خریدنا مشکل ہوگیا ہے، جبکہ ایک کلو آٹا بھی 135 سے 140 روپے میں مل رہا ہے۔

ملتان  کے شہریوں نے بڑھتی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے آٹے کی قیمت میں کمی اور فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں مسلسل تیسرے دن بڑا اضافہ کیا گیا ہے
ملک میں فی لیٹر ڈیزل پر 6 روپے 72 پیسے اور پیٹرول پر 3 روپے 40 پیسے بڑھا دیے گئے، اوگرا نے 10 ستمبر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

editor

Related Articles