وفاقی وزیر داخلہ نے ایک بار پھر امریکی سفارتخانے کا دورہ کیا جہاں امریکی حکام کے ساتھ دوطرفہ امور پر اہم گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں خصوصاً امریکی وفود کی پاکستان آمد اور اس سے متعلق انتظامی و سیکیورٹی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں جانب سے وفود کی آمد کو مؤثر اور محفوظ بنانے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا اس موقع پر سیکیورٹی، ویزا سہولیات اور پروٹوکول سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔
محسن نقوی نے جنگ بندی میں توسیع کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے کشیدگی میں کمی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے بھی مثبت پیش رفت کی امید ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر ہر سطح پر مسئلے کے حل کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں امید ہے کہ تمام فریقین سفارتی اور پرامن حل کو موقع دیں گے۔
امریکی سفیر نے خطے میں قیام امن اور تنازعات کے حل کیلئے پاکستان کے تعمیری اور مثبت کردار کو سراہا
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان جاری رابطوں کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ ملاقات میں آئندہ آنے والے وفود کے شیڈول اور انتظامات پر بھی غور کیا گیا۔ اس قسم کے اعلیٰ سطحی روابط دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی اور تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔