سیکیورٹی فورسز نے دالبندین کے علاقے کلی سردار ہاشم میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 2 مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ مارے جانے والے دہشتگرد کوئٹہ تفتان شاہراہ پر مسافروں کو ہراساں کرنے، خوف و ہراس پھیلانے اور تجارتی گاڑیوں و مسافر ٹرکوں کو نذر آتش کرنے میں ملوث تھے۔
دستیاب معلومات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 16 اکتوبر کو کلی سردار ہاشم میں دہشتگردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دونوں مطلوب دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
مارے جانے والے دہشتگرد کوئٹہ تفتان شاہراہ پر معصوم مسافروں کو ہراساں کرنے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے میں ملوث تھے۔ وہ شاہراہ پر تجارتی گاڑیوں اور مسافر ٹرکوں کو نذر آتش کرکے ملک کی معاشی سرگرمیوں کو نقصان پہنچا رہے تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ امن و امان کے دشمنوں اور شہریوں کے قاتلوں کے مکمل خاتمے تک دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے چاغی میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 2 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جن کے قبضے سے ایس ایم جی، راکٹ لانچر، پستول اور موبائل فونز برآمد کر لیے گئے، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے پولیس پر فائرنگ کی کوشش کی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے ان کا تعاقب کیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دونوں دہشتگرد مارے گئے۔
کارروائی کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے ایس ایم جی، راکٹ لانچر اور پستول سمیت اسلحہ برآمد کیا گیا، جبکہ ان کے موبائل فونز بھی قبضے میں لے لیے گئے۔