پیٹرول 3 روپے 93 پیسے فی لیٹر سستا، نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری

پیٹرول 3 روپے 93 پیسے فی لیٹر سستا، نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری

وفاقی حکومت نے 17 اکتوبر سے 19 اکتوبر 2026 تک کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 93 پیسے کمی کر دی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزارت پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت 390 روپے 23 پیسے سے کم ہو کر 386 روپے 30 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا اور اسے 396 روپے 96 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 17 اکتوبر سے 19 اکتوبر 2026 تک کے لیے کیا گیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے مقرر کردہ طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔ عالمی منڈی میں قیمتوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 26 مرتبہ کمی اور 36 مرتبہ اضافہ کیا گیا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 25 مرتبہ کمی اور 36 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول سستا، ڈیزل مہنگا،نئی قیمتوں کا اعلان،پیٹرول سستا، ڈیزل مہنگا، نوٹیفکیشن جاری

اس سے قبل 15 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی، جس کے بعد اس کی قیمت 390 روپے 23 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔ اسی روز ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 396 روپے 96 پیسے فی لیٹر مقرر ہوئی تھی۔

14 اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 20 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 393 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 17 پیسے کمی کے بعد اسے 396 روپے 65 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا۔

13 اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 71 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول 392 روپے 66 پیسے اور ڈیزل 396 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔

12 اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 93 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جس کے بعد اس کی قیمت 395 روپے 37 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 61 پیسے اضافہ کرکے 396 روپے 85 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

اس سے قبل 10 اکتوبر سے 12 اکتوبر تک کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جس کے بعد اس کی قیمت 398 روپے 30 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔ اس دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 52 پیسے اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 396 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کے بحران کے باعث حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کرتی ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔

مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

Related Articles