ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مکہ دفاعی معاہدے کو مثبت پیش رفت قرار دے دیا

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے مکہ دفاعی معاہدے کو مثبت پیش رفت قرار دے دیا

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مکہ اتحاد ایک مثبت پیش رفت ہے اور ایران مسلمانوں کو متحد کرنے کے عمل میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ انہیں اس اتحاد کے تحت کیے گئے فیصلوں کی تفصیلات کا علم نہیں، تاہم یہ پیش رفت مسلمانوں کو قریب لانے اور اسلامی اتحاد کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان متحد ہوتے ہیں تو ایران اس عمل میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔ مسلمانوں کو ایک دوسرے سے تقسیم ہو کر لڑنے کے بجائے اتحاد کے لیے کوشش کرنی چاہیے، کیونکہ ایسے اقدامات اسلامی اتحاد کو مضبوط بنانے میں مدد دے سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مکہ معاہدہ کی آپریشنل تفصیلات خفیہ،خطے میں امن کے خواہاں ہیں ،ترجمان پاک فوج

مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ عرب، ترک یا ایرانی ہونے سے بڑھ کر ہم مسلمان ہیں اور اللہ کے نزدیک کسی انسان کی برتری اس کی قومیت سے نہیں بلکہ تقویٰ سے متعین ہوتی ہے۔

ایرانی صدر نے مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ قومی اور نسلی شناختوں سے بالاتر ہو کر متحد ہوں اور اللہ کے احکامات کی پیروی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مسلمان مل بیٹھ کر اپنے اختلافات حل کرنے کی کوشش کریں تو عرب، ترک یا ایرانی ہونے کی بنیاد پر تقسیم کی اہمیت باقی نہیں رہے گی، کیونکہ وہ سب مسلمان ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انسانیت کو ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا گیا اور پھر مختلف قوموں اور قبائل میں تقسیم کیا گیا۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ مل بیٹھیں، اپنے اختلافات حل کریں اور اللہ کے احکامات پر عمل کریں۔

Related Articles