بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ 2 سے 3 دہشت گردوں کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق آپریشن ردُّالفتنہ 3 کے تحت نوشکی کے علاقے کرم، کلی محمد خالد میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گرد عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
کارروائی کے بعد علاقے میں دہشت گرد عناصر کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سائبر سیکیورٹی الرٹ، صارفین کو لوکیشن شیئرنگ میں احتیاط کی ہدایت
دوسری جانب کرم اور خرلاچی سمیت پاک افغان سرحد کے مختلف علاقوں میں افغان طالبان کی فائرنگ کے جواب میں پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں 14 افغان طالبان اہلکاروں کی ہلاکت اور 4 سرحدی چوکیاں تباہ کردیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز کی مؤثر کارروائی کے بعد افغان طالبان اپنے ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے، جبکہ اپر کرم کے طیدہ سیکٹر میں فائرنگ کا تبادلہ تاحال جاری ہے۔
افغان طالبان کی جانب سے فائرنگ کے بعد پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے سرحد پار دشمن کی چوکی اور بیس کیمپ کو نشانہ بنایا، جبکہ خرلاچی سمیت مختلف سرحدی علاقوں میں پاکستانی فورسز کی کارروائی کے دوران 14 افغان طالبان اہلکاروں کی ہلاکت اور 4 سرحدی چوکیوں کی تباہی کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کے مطابق اپر کرم کے طیدہ سیکٹر میں افغان طالبان کی جانب سے پہلے فائرنگ کی گئی، جس کے جواب میں پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور مؤثر کارروائی کی۔ پاکستانی فورسز نے جوابی کارروائی کے دوران سرحد پار افغان طالبان کی ایک چوکی اور بیس کیمپ کو نشانہ بنایا۔


