نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو رجسٹریشن اور شناختی خدمات ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس نئی ٹیبلٹ ڈیوائسز کا استعمال شروع کردیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد شہریوں کو زیادہ سہولت فراہم کرنا اور ضرورت کے مطابق مختلف علاقوں میں رجسٹریشن کی سرگرمیوں کو تیز کرنا ہے۔
پاکستان میں تیار کردہ جدید ٹیبلٹس کا استعمال
نادرا حکام کے مطابق جدید ٹیبلٹس پاکستان میں تیار کروائے گئے ہیں، جبکہ وقت کے ساتھ ان کے استعمال کا دائرہ بھی وسیع کیا جا رہا ہے۔ ان ڈیوائسز میں پاک آئی ڈی سافٹ ویئر نصب ہے، جس کی مدد سے نادرا کے متعلقہ افسر مختلف علاقوں میں جا کر شہریوں کو رجسٹریشن سے متعلق خدمات فراہم کرسکتے ہیں۔
فنگر پرنٹس، تصویر اور آئرس کیپچر کرنے کی سہولت
جدید ٹیبلٹ ڈیوائس کی اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس کے ذریعے شہریوں کے فنگر پرنٹس، تصویر اور آئرس کیپچر کیے جا سکتے ہیں ، اس جدید بائیومیٹرک ٹیکنالوجی کی بدولت شناختی معلومات حاصل کرنے اور رجسٹریشن کے عمل کو مزید آسان بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
رش والے علاقوں میں فوری رجسٹریشن سروس
نادرا حکام کے مطابق ایک افسر جدید ٹیبلٹ کے ذریعے مختلف علاقوں میں رجسٹریشن کی سرگرمیاں انجام دے سکتا ہے، بالخصوص ایسی یونین کونسلز جہاں شہریوں کا رش زیادہ ہو یا شناختی خدمات کے حصول کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد موجود ہو، وہاں اس موبائل سہولت کو ضرورت کے مطابق منتقل کیا جا سکتا ہے۔
اگر کسی یونین کونسل میں شہریوں کی غیر معمولی تعداد رجسٹریشن کے لیے موجود ہو تو نادرا کی جانب سے ٹیبلٹ سے لیس افسر کو وہاں بھیجا جا سکتا ہے، جس سے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے اور انتظار کے وقت میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
نادرا خدمات کو مزید آسان بنانے کا ہدف
اس نظام کا بنیادی مقصد نادرا کی خدمات کو صرف روایتی رجسٹریشن مراکز تک محدود رکھنے کے بجائے ضرورت کے مطابق مختلف علاقوں تک پہنچانا ہے، تاکہ شہریوں کو شناختی سہولتوں کے حصول کے لیے طویل انتظار اور دور دراز مراکز کا رخ کرنے کی ضرورت کم ہو۔
جدید بائیومیٹرک ٹیکنالوجی اور پاک آئی ڈی سافٹ ویئر سے لیس یہ ٹیبلٹس نادرا کے موبائل اور شہری مرکزیت پر مبنی سروس ڈلیوری نظام کا حصہ ہیں، جس کے ذریعے رجسٹریشن کی سہولتوں کو عوام کی ضروریات کے مطابق زیادہ مؤثر انداز میں فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔