حکومت پاکستان نے اپنے اہم رہائشی منصوبے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت ہاؤسنگ قرضے کے حصول کا عمل انتہائی آسان اور شفاف بنا دیا ہے، جس کے تحت قرض کی منظوری کے لیے درکار پیچیدہ اور طویل کاغذات کی تعداد کم کر کے صرف 5 کر دی گئی ہے۔
وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ ایک اہم بیان کے مطابق اسکیم کے تحت ہاؤسنگ فنانس کے لیے بینکوں کو درکار ضروری دستاویزات کو محدود اور معیاری بنا دیا گیا ہے تاکہ عام شہریوں کو بغیر کسی سست روی اور دشواری کے قرض کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
بینکوں کیلئے نئی ہدایات
بینکوں کو جاری کردہ نئی ہدایات کے تحت اب شہریوں کو صرف 5 بنیادی دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی، جن میں ٹرانسفر لیٹر، پوزیشن لیٹر، منظور شدہ نقشہ، رہن رکھنے کی اجازت کا خط اور اندراجِ رہن شامل ہیں۔
اس فیصلے کے بعد تمام کمرشل بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اضافی یا غیر ضروری کاغذات کی شرط ختم کر کے درخواست گزاروں کو فوری اور آسان طریقے سے سہولت فراہم کریں۔
تاریخی اسکیم اور مالی معاونت
ترجمان کے مطابق ”وزیراعظم اپنا گھر پروگرام“ ملک بھر میں جاری ہاؤسنگ قرضوں کا ایک تاریخی اور بے مثال منصوبہ ہے ، اس اسکیم کے تحت حکومتِ پاکستان کی جانب سے پہلی بار شہریوں کو اپنا گھر بنانے کے لیے ایک کروڑ روپے تک کا بلا تعطل ہاؤسنگ قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
حکومت کا یہ اقدام نہ صرف عام اور کم آمدنی والے طبقے کو اپنے ذاتی چھت کی فراہمی کے خواب کو تعبیر دینے میں مددگار ثابت ہوگا، بلکہ اس سے ملک کے شعبہِ تعمیرات اور معاشی سرگرمیوں کو بھی ایک نئی تحریک ملے گی ، کاغذات کی تعداد کو کم کرنے سے بینکنگ نظام میں بیوروکریٹک رکاوٹیں ختم ہوں گی اور عام شہری بغیر کسی خواری کے اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔