خیبرپختونخوا پولیس کے لیے نئی حکومت کا بڑا تحفہ، 120 فیصد تک سیکیورٹی الاؤنس کی تجویز،سمری گورنر کو ارسال

خیبرپختونخوا پولیس کے لیے نئی حکومت کا بڑا تحفہ، 120 فیصد تک سیکیورٹی الاؤنس کی تجویز،سمری گورنر کو ارسال

خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے اور اہلکاروں کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر خصوصی الاؤنس دینے کی سمری تیار کرلی گئی ہے۔ سمری میں مختلف علاقوں میں تعینات پولیس اہلکاروں کے لیے بنیادی تنخواہ کے 75 سے 120 فیصد تک سیکیورٹی چیلنج الاؤنس دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ اس پیش رفت کو پولیس اہلکاروں کے دیرینہ مطالبے پر اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہوں میں اضافے اور دیگر ضروریات سے متعلق تیار کردہ سمری گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو ارسال کردی گئی ہے۔ سمری میں دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں اور مختلف سیکیورٹی حالات میں فرائض انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کے لیے الگ الگ شرح سے الاؤنس دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

تجویز کے مطابق جنوبی اضلاع اور ضم شدہ اضلاع میں تعینات پولیس اہلکاروں کو بنیادی تنخواہ کا 120 فیصد سیکیورٹی چیلنج الاؤنس دیا جائے، جبکہ دیگر آباد اضلاع کے اہلکاروں کے لیے بنیادی تنخواہ کے 100 فیصد اور ہزارہ ریجن میں تعینات اہلکاروں کے لیے 75 فیصد الاؤنس تجویز کیا گیا ہے۔

سمری میں بتایا گیا ہے کہ مجوزہ سیکیورٹی چیلنج الاؤنس کی ادائیگی کے لیے ماہانہ 5 ارب 15 کروڑ روپے سے زائد کے اضافی اخراجات درکار ہوں گے۔ اس اقدام کا مقصد پولیس اہلکاروں کو درپیش خطرات اور مشکل حالات میں خدمات انجام دینے کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔

سمری میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس گزشتہ تین دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس عرصے کے دوران پولیس اہلکاروں نے مختلف علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے اور دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کیے اور مسلسل خطرات کے باوجود فرائض انجام دیے۔

یہ بھی پڑھیں:پاک فوج کی قربانیوں پر سوال نہیں، دہشت گردی میں ملوث عناصر کو نہ چھوڑا جائے، نواز شریف

سمری میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ قربانیوں اور سیکیورٹی ذمہ داریوں کے باوجود خیبرپختونخوا پولیس کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم ہیں۔ اسی تناظر میں خصوصی الاؤنس کی تجویز کو پولیس اہلکاروں کے مالی مسائل کم کرنے اور ان کی خدمات کے اعتراف کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا گیا ہے۔

نئی حکومت کے دور میں پولیس اہلکاروں کے لیے یہ مجوزہ اقدام ایک اہم ریلیف ثابت ہوسکتا ہے۔ تاہم الاؤنس کی حتمی منظوری، اس کے نفاذ اور ادائیگی کے طریقۂ کار سے متعلق فیصلہ متعلقہ حکام کی منظوری کے بعد ہوگا

Qaisar Mirza
editor

Related Articles