سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو کے ذریعے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں نے پشاور میں گورنر ہاؤس کا گھیراؤ کر لیا ہے، تاہم ویڈیو کی جانچ سے یہ دعویٰ غلط ثابت ہوا ہے۔
ویڈیو میں ایک عمارت کے باہر بڑی تعداد میں افراد جمع دکھائی دیتے ہیں جبکہ عمارت سے دھواں بھی اٹھتا نظر آتا ہے اسے کچھ پروپیگنڈا اکائونٹ کی جانب سے ایکس اور فیس بک پر شیئر کرتے ہوئے پاکستان کی حالیہ سیاسی صورت حال سے جوڑا گیا۔
ویڈیو کہاں کی ہے؟
جانچ کے مطابق وائرل ویڈیو کا تعلق پاکستان سے نہیں بلکہ نیپال سے ہے، جہاں ستمبر 2025 میں احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے ویڈیو میں نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں بیرندرا انٹرنیشنل کنونشن سینٹر کے باہر مظاہرین کو دیکھا جا سکتا ہے۔
ریورس امیج سرچ سے بھی معلوم ہوا کہ یہی ویڈیو 9 ستمبر 2025 کو یوٹیوب پر شائع کی گئی تھی یوں ویڈیو کو پشاور کے گورنر ہاؤس کے باہر ہونے والے کسی حالیہ احتجاج سے منسوب کرنا درست نہیں۔
گورنر ہاؤس کے ترجمان کی وضاحت
خیبر پختونخوا کے گورنر ہاؤس کے ترجمان نے بھی واضح کیا کہ وائرل ویڈیو میں دکھائی دینے والی عمارت پشاور کا گورنر ہاؤس نہیں ہے مزید برآں، سرکاری ویب سائٹ پر موجود گورنر ہاؤس کی تصاویر اور وائرل ویڈیو میں نظر آنے والی عمارت میں فرق پایا گیا،فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھی 14 اکتوبر 2026 کو ویڈیو کی حقیقت واضح کرتے ہوئے اسے نیپال میں ہونے والے پرانے احتجاج سے منسلک کیا۔
عمران خان کے حامیوں کی جانب سے گورنر راج کے بعد پشاور کے گورنر ہاؤس کا گھیراؤ کرنے کے دعوے کے ساتھ شیئر کی جانے والی ویڈیو گمراہ کن ہے۔
یہ مناظر ستمبر 2025 میں نیپال میں ہونے والے احتجاج کے ہیں اور ان کا پشاور یا پاکستان کی حالیہ سیاسی صورت حال سے تعلق ثابت نہیں ہوتا۔
