پاکستان کی ترقی، عالمی منڈیوں میں بڑا قدم؛ برآمدات 100 ارب ڈالر تک لے جانے کا منصوبہ

پاکستان کی ترقی، عالمی منڈیوں میں بڑا قدم؛ برآمدات 100 ارب ڈالر تک لے جانے کا منصوبہ

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کے لیے برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دینا ہوگا اور آئندہ 10 سال میں ملکی برآمدات 100 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔

وفاقی دارالحکومت میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں یہ ہدف حاصل کرنے کی صلاحیت موجود ہے، تاہم اس کے لیے جامع منصوبہ بندی، مؤثر پالیسیوں اور مختلف شعبوں کے درمیان بہتر رابطے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام اور پالیسیوں میں تبدیلیوں نے ملک کی معاشی منصوبہ بندی کو متاثر کیا ہے۔ معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھا جائے اور سیاسی استحکام کو یقینی بنایا جائے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی برآمدات میں اضافے کے لیے مربوط ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس نظام ناگزیر ہے۔ سڑکوں، ریلوے، بندرگاہوں اور فضائی شعبے کے درمیان مؤثر رابطہ قائم کیے بغیر برآمدات میں مطلوبہ اضافہ حاصل کرنا مشکل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: سول سرونٹس سیاسی اثر و رسوخ سے آزاد رہیں، وفاقی آئینی عدالت کا اہم فیصلہ

احسن اقبال نے کہا کہ لاجسٹکس نظام میں تاخیر سے برآمدات کی لاگت بڑھ جاتی ہے، جس کے نتیجے میں عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقت متاثر ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نقل و حمل اور سامان کی ترسیل کے نظام کو مؤثر بنانا ضروری ہے تاکہ پاکستانی مصنوعات کم وقت اور کم لاگت میں عالمی منڈیوں تک پہنچ سکیں۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ برآمدات میں اضافے، پالیسیوں کے تسلسل اور سیاسی استحکام کے ذریعے پاکستان اپنی معاشی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

Related Articles