دہشتگردی،پسماندگی کا خاتمہ،جدید ہسپتال قائم  کریں گے،ثمر ہارون بلور کا اعلان

دہشتگردی،پسماندگی کا خاتمہ،جدید ہسپتال قائم  کریں گے،ثمر ہارون بلور کا اعلان

گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ صوبے میں اب سیاسی نعروں اور پروپیگنڈے کے بجائے عملی اقدامات پر توجہ دی جا رہی ہے ، حکومت امن و امان، پولیس کی استعداد بڑھانے، صفائی کے نظام کی بحالی اور عوامی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جماعت کی سرگرمیاں اب سوشل میڈیا تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں، جبکہ اس کے سوشل میڈیا اکائونٹس بیرونِ ملک سے چلائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے گزشتہ ماہ صوبے میں پیش آنے والے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی صورت حال کے باعث سخت اقدامات کی ضرورت پیش آئی، ان کا کہنا تھا کہ ملکی سالمیت اور دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا اور سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں :میٹنگ چھوڑ کرمشیر اطلاعات ثمر بلور فوری اسپتال پہنچ گئیں، زخمی طالب علموں کی عیادت کی، انتظامیہ کو خصوصی ہدایات

پولیس کے لیے 10 اے پی سی گاڑیاں فراہم

ثمر ہارون بلور نے بتایا کہ گورنر راج کے پہلے ہی روز اپیکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس کے بعد وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا پولیس کو 10 بکتر بند گاڑیاں فراہم کیں، پولیس کانسٹیبلز کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے برابر لانے کے اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ شہدا پیکج میں اضافہ اور شہدا کے اہل خانہ کو 55 سے زائد پلاٹس بھی دیے گئے ہیں۔

 پی ٹی آئی  پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں عملی کارکردگی کے بجائے سیاسی پروپیگنڈے کو زیادہ اہمیت دی گئی،ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کو اشتعال انگیزی کے لیے استعمال کیا گیا، تاہم اب حکومت سچائی اور عملی اقدامات کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتی ہے۔
صفائی اور تجاوزات کے خلاف کارروائی
مشیر اطلاعات نے کہا کہ واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کو دوبارہ فعال کیا گیا ہے، جس سے شہر میں صفائی کا نظام بہتر بنانے میں مدد مل رہی ہے، انہوں نے بتایا کہ گورنر کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف بھی بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی گئی ہے،منشیات کے خلاف اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ رواں سال پولیس نے 960 کلوگرام منشیات برآمد کی ہیں۔
ضم اضلاع میں تعلیم اور صحت پر توجہ
ثمر ہارون بلور نے ضم اضلاع میں بنیادی سہولتوں کی کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میرانشاہ کی بچیوں کی جانب سے انہیں پیغام موصول ہوا کہ علاقے میں اسکول موجود نہیں، انہوں نے پسماندہ علاقوں سے محرومیوں کے خاتمے اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات کی ضرورت پر زور دیا،انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب کی طرز پر خیبرپختونخوا میں بھی جدید اسپتال قائم کیے جائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف جلد پشاور کا دورہ کریں گے، جہاں اہم اعلانات متوقع ہیں۔

editor

Related Articles