کوئی سمجھوتہ نہیں صوبے میں امن ہر قیمت پر قائم کریں گے،گورنر خیبر پختونخوا کا اعلان

کوئی سمجھوتہ نہیں صوبے میں امن ہر قیمت پر قائم کریں گے،گورنر خیبر پختونخوا کا اعلان

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کا قیام ترقی کی بنیادی شرط ہے، امن کے بغیر نہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے اور نہ ہی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں، انہوں نے بجلی کے خالص منافع، قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) اور وفاق سے متعلق صوبائی مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی سے تعاون کی اپیل بھی کی ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے جماعت اسلامی کے مرکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جماعت اسلامی کے نائب امیر پروفیسر ابراہیم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا شمالی کے امیر عنایت اللہ خان، وسطی اضلاع کے امیر عبدالواسع، ہزارہ ڈویژن کے امیر عبدالرزاق عباسی، سابق رکن قومی اسمبلی صابر حسین اعوان اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورت حال، امن و امان، ترقیاتی منصوبوں، عوامی مشکلات اور گورننس کی بہتری سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے خیبرپختونخوا کو درپیش مسائل کے حل اور صوبے کی ترقی کے لیے مختلف تجاویز پر بھی گفتگو کی۔

بجلی کے خالص منافع اور این ایف سی پر تعاون طلب

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو بجلی کے خالص منافع، این ایف سی اور وفاق سے متعلق دیگر معاملات پر درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں جماعت اسلامی کی حمایت اور تعاون کو اہم قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق صوبے کی ترقی کا براہ راست تعلق امن کے قیام سے ہے، اس لیے عوام کے تحفظ اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

جنوبی اضلاع کی زمینیں آباد کرنے پر زور

گورنر نے زراعت کو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی اضلاع کی زمینوں کو قابلِ کاشت بنا کر صوبے کی زرعی ضروریات پوری کرنے میں مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :دہشتگردی،پسماندگی کا خاتمہ،جدید ہسپتال قائم  کریں گے،ثمر ہارون بلور کا اعلان

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کو ترقی دے کر معیشت کو مستحکم کرنے کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فروغ بھی نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع امکانات پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

پولیس اور عوامی سہولتوں پر بھی گفتگو

ملاقات میں پولیس اہلکاروں اور شہدا کے لواحقین کی فلاح و بہبود کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پولیس اہلکاروں اور شہدا کے خاندانوں کی دیکھ بھال اور فلاح و بہبود ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں صفائی ستھرائی بہتر بنانے اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ اس موقع پر پشاور میں نکاسی آب کے مسائل اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی و سماجی حلقوں کے درمیان رابطے اور تعاون ضروری ہیں، تاکہ عوامی مسائل کے حل، بہتر حکمرانی اور معاشی ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جا سکے۔

editor

Related Articles