سندھ سیکرٹریٹ ملازمین کی تنظیم سینوا کا احتجاج رنگ لے آیا، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملازمین کے گھر کرایہ الاؤنس میں 35 فیصد اضافے کی منظوری دے دی، جس کے بعد الاؤنس 50 فیصد سے بڑھا کر 85 فیصد کر دیا گیا ہے۔
فیصلے کے مطابق گھر کرایہ الاؤنس میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔ سندھ سیکرٹریٹ کے ملازمین کا گھر کرایہ الاؤنس دیگر صوبوں کے ملازمین کے برابر کر دیا گیا ہے۔
ملازمین کو گھر کرایہ الاؤنس سال میں 4 مرتبہ ادا کیا جائے گا، جبکہ ہر 3 ماہ بعد الاؤنس کی رقم ملازمین کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے تمام محکموں کے سرکاری ملازمین کے ریٹائرمنٹ ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ریٹائرمنٹ کے روز ہی گریجویٹی اور جنرل پراویڈنٹ فنڈ (جی پی فنڈ) کی ادائیگی یقینی بنانے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔
کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملازمین کے ریٹائرمنٹ ریکارڈ پہلے سے تیار کیے جائیں تاکہ واجبات کی ادائیگی میں تاخیر سے بچا جا سکے۔
اس حوالے سے جاری سرکاری سرکلر کالج ایجوکیشن سیکریٹری ندیم الرحمٰن میمن کی منظوری سے جاری کیا گیا، جس پر سیکشن آفیسر جنرل ایڈمنسٹریشن غلام مصطفیٰ کے دستخط ہیں۔
سرکلر کے مطابق متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ملازمین کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ سے کم از کم 6 ماہ قبل ان کے مکمل ریٹائرمنٹ ریکارڈ جمع کرائے جائیں۔ اس اقدام کا مقصد متعلقہ حکام کو ضروری دستاویزات کی جانچ پڑتال اور ریٹائرمنٹ واجبات کی بروقت ادائیگی کے لیے مناسب وقت فراہم کرنا ہے۔