بھارت میں ایک نوجوان کی آنکھ کے اوپری حصے میں دانت نکلنے کا غیر معمولی طبی واقعہ سامنے آیا ہے۔ ڈاکٹروں نے اسے اپنی نوعیت کا پہلا معلوم کیس قرار دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 16 سالہ لڑکا بائیں آنکھ کے اوپر بغیر درد کے سوجن کی شکایت لے کر اسپتال پہنچا۔ کچھ عرصے بعد اس کی بھنوؤں اور پلک کے درمیان جلد سے 2 سخت، سفید نوکیں نمودار ہوئیں، جس پر ڈاکٹروں نے مزید معائنے کا فیصلہ کیا۔
سی ٹی اسکین اور طبی معائنے سے انکشاف ہوا کہ لڑکے کی آنکھ کے خانے کے بالائی حصے میں دانت موجود تھے۔ طبی ماہرین اس کیفیت کو ایکٹوپک ٹوتھ کہتے ہیں، جس میں دانت منہ کے بجائے جسم کے کسی دوسرے حصے میں نشوونما پاتا ہے۔
اس سے قبل ناک اور منہ کی چھت، یعنی تالو میں دانت نکلنے کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، تاہم ڈاکٹروں کے مطابق آنکھ کے خانے میں دانت پائے جانے کا یہ پہلا معلوم کیس ہے۔
رپورٹس کے مطابق لڑکے کو چہرے پر چوٹ لگنے کی کوئی سابقہ تاریخ نہیں تھی اور نہ ہی کسی جینیاتی بیماری کی نشاندہی ہوئی۔ اسکین میں کھوپڑی کے کسی دوسرے حصے میں اضافی دانت بھی نہیں پایا گیا۔ طبی ماہرین تاحال اس غیر معمولی کیفیت کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ڈاکٹروں نے آپریشن کے ذریعے دونوں دانت کامیابی سے نکال دیے، جس کے بعد سوجن میں کمی آئی اور مستقبل میں ممکنہ پیچیدگیوں کا خطرہ بھی کم ہوگیا۔ اس نایاب طبی واقعے کی تفصیلات امریکی اکیڈمی آف آپتھلمولوجی کے طبی جریدے میں بھی شائع کی گئی ہیں۔