ممبئی کرائم برانچ نے تحقیقات میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ٹائیگر شروف اصل ہدف نہیں تھے بلکہ شوٹرز نے ایک اور معروف اداکار کو نشانہ بنانا چاہا لیکن سخت سکیورٹی کی وجہ سے وہ اس کے قریب نہیں جا سکے، پھر ملزمان نے ٹائیگر شروف کا انتخاب کیا کیونکہ وہ آسان ہدف تھے۔
یہ انکشاف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ممبئی پولیس نے فائرنگ کے سلسلے میں راجستھان کے علاقے کوٹہ سے گرفتار 3 ملزمان کی تحویل حاصل کر لی ہے۔ عدالت نے ملزمان کو مزید تفتیش کیلیے ممبئی منتقل کرنے کیلیے مہاراشٹر پولیس ٹیم کو 48 گھنٹے کا ٹرانزٹ ریمانڈ دے دیا ہے۔
ملزمان کو سخت سکیورٹی میں کوٹہ کے ریلوے کالونی پولیس اسٹیشن میں رات بھر رکھا گیا۔ ممبئی کرائم برانچ اور راجستھان پولیس کے اہلکاروں نے سکیورٹی حصار قائم رکھا۔ پولیس نے ملزمان کو راتوں رات ممبئی لے جانے کا اپنا اصل منصوبہ تبدیل کرتے ہوئے انہیں سکیورٹی انتظام کے تحت کوٹہ میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا۔
ریلوے کالونی پولیس اسٹیشن کے افسر رامسوروپ مینا نے تصدیق کی کہ تینوں ملزمان کو 48 گھنٹے کا ٹرانزٹ ریمانڈ دیا گیا ہے اور مہاراشٹر پولیس انہیں ممبئی لے جا رہی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق شوٹرز کو مبینہ طور پر 50 ہزار روپے ایڈوانس کے طور پر دیے گئے تھے اور حملہ کرنے کے بعد اضافی رقم اور بیرون ملک ملازمتوں کا وعدہ کیا گیا تھا۔