سائبر حملوں کا خطرہ کم کرنے کے لیے پاکستان کی اہم پیش رفت

سائبر حملوں کا خطرہ کم کرنے کے لیے پاکستان کی اہم پیش رفت

پاکستان میں سائبر سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنانے اور حساس معلومات کو محفوظ رکھنے کے لیے جدید سیکیورٹی آپریشنز سینٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ اس مرکز کے ذریعے سائبر خطرات کی بروقت نشاندہی اور اہم معلوماتی اثاثوں کے تحفظ میں مدد ملے گی۔

افتتاحی تقریب میں چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے سیکیورٹی آپریشنز سینٹر کا افتتاح کیا۔ تقریب میں چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) ڈاکٹر کبیر احمد سدھو اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

حکام کے مطابق، نیا سیکیورٹی آپریشنز سینٹر بین الاقوامی معیار اور عالمی سطح پر رائج بہترین طریقہ کار کے مطابق کام کرے گا، جس کا مقصد سائبر سیکیورٹی کے نظام کو بہتر بنانا اور ممکنہ خطرات سے بروقت نمٹنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نوکری کے بغیر بھی کمائی؟ لنکڈ اِن نے صارفین کو خوشخبری سنا دی

تقریب کے دوران چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے چیئرمین نادرا کو ادارے میں ہونے والی آئی ٹی اصلاحات اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال سے متعلق بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے خدمات کی فراہمی بہتر بنانے اور کاروباری سرگرمیوں کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس منصوبے کے تحت کیپٹل مارکیٹ سے وابستہ تمام اداروں کو سائبر خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک مشترکہ فریم ورک میں شامل کیا جائے گا، تاکہ اداروں کے درمیان تعاون بڑھایا جا سکے اور ڈیجیٹل نظام کو ممکنہ سائبر حملوں سے محفوظ رکھنے کی صلاحیت بہتر ہو۔

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈیجیٹل خدمات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ سائبر سیکیورٹی اور حساس معلومات کا تحفظ بھی اہمیت اختیار کر رہا ہے۔

editor

Related Articles