خیبر پختونخوا میں ’سبز انقلاب‘ کا سورج طلوع، گورنر فیصل کنڈی کا چشمہ کینال منصوبے پرعملی پیشرفت کا باقاعدہ اعلان

خیبر پختونخوا میں ’سبز انقلاب‘ کا سورج طلوع، گورنر فیصل کنڈی کا چشمہ کینال منصوبے پرعملی پیشرفت کا باقاعدہ اعلان

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے، بالخصوص جنوبی اضلاع کی تقدیر بدلنے والے تاریخی منصوبے چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال (CRBC) پر عملی پیش رفت کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے منصوبے چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال (CRBC) پر عملی پیشرفت کا باقاعدہ اعلان  کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے ساتھ کام کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں خیبرپختونخوا کا دہائیوں پرانا اور دیرینہ آبی مسئلہ حل ہو چکا ہے، جس سے صوبے میں ’سبز انقلاب‘ کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں گورنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ 1991ء کے واٹر اکارڈ (آبی معاہدے) کے تحت دیگر تمام صوبوں کو ان کے حصے کا پانی فراہم کر دیا گیا تھا، تاہم سابقہ حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت اور عدم توجہی کے باعث خیبرپختونخوا اپنے جائز اور قانونی آبی حق سے محروم رہا۔

 انہوں نے کہا کہ موجودہ ہنگامی اقدامات اور وفاق کے ساتھ مؤثر سفارت کاری کے نتیجے میں اب خیبرپختونخوا کو اس کا پورا اور جائز حصہ ملنے جا رہا ہے۔

منصوبے کی عملی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے انکشاف کیا کہ چشمہ لفٹ کینال جیسے عظیم الشان منصوبے کو تیز رفتار پیش رفت کے لیے چھ (6) مختلف پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا پولیس کے لیے نئی حکومت کا بڑا تحفہ، 120 فیصد تک سیکیورٹی الاؤنس کی تجویز،سمری گورنر کو ارسال

جس کے تحت پیکج نمبر 1 کے ٹینڈرز 29 اکتوبر کو کھولے جائیں گے، جبکہ پیکج نمبر 4 کے ٹینڈرز 11 نومبر کو کھولے جا رہے ہیں ، باقی ماندہ پیکجز پر بھی تکنیکی اور قانونی مراحل تیزی سے طے کیے جا رہے ہیں اور جلد ان کے ٹینڈرز بھی جاری کر دیے جائیں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے زور دے کر کہا کہ یہ منصوبہ جنوبی اضلاع میں زرعی انقلاب، روزگار کے نئے مواقع اور معاشی خوشحالی کا ضامن بنے گا۔

خیبرپختونخوا بنے گا فوڈ باسکٹ 

 اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف صوبے کی بنجر زمینیں سیراب ہوں گی اور زرعی پیداوار میں بے پناہ اضافہ ہوگا بلکہ خیبرپختونخوا کو پورے ملک کی فوڈ باسکٹ (غذا کا مرکز) بنانے کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوگا۔

کھوکھلے نعروں کے بجائے عملی خدمت

سابقہ حکمرانوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ہم ماضی کے فاسد ٹولے کے کھوکھلے نعروں اور ڈرامے بازی کے بجائے عملی اقدامات اور عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔

 انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ تمام تر سیاسی رکاوٹوں کے باوجود خیبرپختونخوا کو امن، حقیقی ترقی اور معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کر کے رہیں گے۔

خیبر پختونخوا میں طویل عرصے سے حکمرانی کرنے والی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  نے صوبے کے بنیادی اور دیرینہ عوامی مسائل پر کام کرنے کے بجائے ہمیشہ اسلام آباد پر چڑھائی اور احتجاجی سیاست کو ترجیح دی ،  دہائیوں سے پانی سے محروم بنجر زمینوں کو سیراب کرنے کے لیے عملی سنجیدگی دکھانے کے بجائے جلسوں، دھرنوں اور سیاسی محاذ آرائی سے صوبے کو شدید معاشی و انتظامی نقصان پہنچایا گیا۔

اب جبکہ چشمہ لفٹ کینال پر عملی پیش رفت کا آغاز ہو رہا ہے، تو یہ منصوبہ محض ایک کینال نہیں بلکہ کے پی اور جنوبی اضلاع کے لیے آئندہ کی معاشی خوشحالی، پائیدار زرعی ترقی اور خودکفالت کی واحد ضمانت ہے۔

editor

Related Articles