آفتاب عالم کا سلمان اکرم راجہ کو واضع پیغام، پہلے حقائق جانیں، پھر ٹویٹ کریں

آفتاب عالم کا سلمان اکرم راجہ کو  واضع پیغام، پہلے حقائق جانیں، پھر ٹویٹ کریں

 خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں حساس معاملات پر سوشل میڈیا پر اظہارِ خیال سے قبل حقائق کی تصدیق کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

آفتاب عالم نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ہیں اور ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی حساس معاملے پر ٹویٹ کرنے سے پہلے صوبائی پارلیمانی پارٹی سے رابطہ کریں، متعلقہ ارکان کو اعتماد میں لیں اور مکمل حقائق جاننے کے بعد اپنا مؤقف پیش کریں۔

صوبائی وزیر قانون نے واضح کیا کہ صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی تبدیلی، نئے وزیراعلیٰ کی نامزدگی یا صوبائی صدر کی تبدیلی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق اجلاس میں صرف یہ متفقہ فیصلہ ہوا کہ وفاقی حکومت، اپوزیشن یا اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ممکنہ مذاکرات میں خیبرپختونخوا کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کی مؤثر نمائندگی یقینی بنائی جائے۔

آفتاب عالم نے کہا کہ پارلیمانی اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو باقاعدہ دعوت دی گئی تھی اور انہیں اعتماد میں لینے کے ساتھ ان کی مشاورت سے اجلاس طے کیے گئے تھے۔ لہٰذا اس معاملے کو پارٹی قیادت کے علم اور مشاورت سے ہونے والی کارروائی کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہونے والے مذاکرات کے دوران صوبائی پارلیمانی پارٹی کو مناسب مشاورت میں شامل کرنے اور اعتماد میں لینے کا فقدان رہا، جس کے باعث صوبے کے مؤقف اور مفادات کی مؤثر ترجمانی نہیں ہو سکی اور پارٹی کو سیاسی نقصان اٹھانا پڑا۔

صوبائی وزیر قانون کے مطابق اسی تجربے کی روشنی میں صوبائی پارلیمانی پارٹی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ مذاکرات میں اس کی نمائندگی بھی یقینی بنائی جائے تاکہ خیبرپختونخوا کے حقوق، عوامی مینڈیٹ اور صوبائی مفادات کا بھرپور دفاع کیا جا سکے۔

آفتاب عالم نے سلمان اکرم راجہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اختلافِ رائے یا کسی معاملے پر وضاحت طلب کرنا الگ بات ہے، لیکن حقائق کی مکمل تصدیق کیے بغیر پارٹی کے اندرونی معاملات کو عوامی سطح پر اس انداز میں پیش کرنا غیرضروری ابہام اور غلط فہمیوں کو جنم دیتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ پارٹی کے اہم معاملات میں باہمی مشاورت، اعتماد اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل ناگزیر ہیں اور آئندہ ایسے حساس معاملات پر ٹویٹ کرنے سے پہلے صوبائی پارلیمانی پارٹی اور متعلقہ قیادت سے براہِ راست رابطہ کیا جانا چاہیے۔

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی اصل طاقت عمران خان کی قیادت، کارکنوں کی قربانیوں اور عوامی اعتماد میں ہے۔ پارٹی قیادت اور کارکنوں کو باہمی مشاورت سے معاملات حل کرتے ہوئے متحد رہنا چاہیے تاکہ پارٹی کے اتحاد، خیبرپختونخوا کے عوامی مینڈیٹ اور صوبے کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔

editor

Related Articles