نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے تمام صوبوں میں گندم کی وافر دستیابی اور قیمتوں میں توازن برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گندم کی ترسیل اور تقسیم کا نظام بلا تعطل جاری رہنا چاہیے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گندم کی درآمد سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا، جس میں ملک میں گندم کے موجودہ ذخائر، متوقع طلب، رسد کے نظام اور سپلائی چین کے طریقہ کار کا جامع جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پر توجہ مرکوز کی گئی کہ تمام صوبوں میں گندم کی وافر دستیابی یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ شرکا نے تمام صوبوں میں گندم کی قیمتوں میں توازن برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے غذائی تحفظ کے لیے مضبوط اقدامات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے ملکی صارفین کو منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے محفوظ رکھا جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام کو باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی، جبکہ ضرورت کے مطابق گندم کی درآمد کے طریقہ کار کو آسان اور مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں ملک بھر میں گندم کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کو بلا تعطل یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ نائب وزیراعظم نے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ، وزیر خوراک سندھ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی نے شرکت کی۔ وزیراعظم کے زراعت و غذائی تحفظ سے متعلق کوآرڈینیٹر، قومی غذائی تحفظ، تجارت اور قانون و انصاف کے سیکریٹریز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ صوبوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے سینئر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔