چیٹ جی پی ٹی صارفین اب اپنی حساس اور ذاتی گفتگو کو 4 ہندسوں کے پن کوڈ یا بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے لاک کر سکیں گے، جس کا مقصد دوسروں کو ان چیٹس تک رسائی سے روکنا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر بالخصوص ایسے صارفین کے لیے تیار کیا گیا ہے جو اپنی ڈیوائسز دوسرے افراد کے ساتھ شیئر کرتے ہیں۔ نئے فیچر کے تحت صارفین اپنی حساس گفتگو کو فیس آئی ڈی، ٹچ آئی ڈی یا 4 ہندسوں کے پن کوڈ کے ذریعے محفوظ بنا سکیں گے۔ یہ سہولت واٹس ایپ کے چیٹ لاک فیچر سے ملتی جلتی ہے۔
چیٹ لاک کرنے کے بعد متعلقہ گفتگو عام چیٹ ہسٹری، پن کی گئی چیٹس اور سرچ نتائج میں نظر نہیں آئے گی، بلکہ اسے پراجیکٹس میں موجود لاکڈ چیٹس کے مخصوص فولڈر کے ذریعے کھولا جا سکے گا۔
واضح رہے کہ چیٹ جی پی ٹی میں پہلے سے عارضی چیٹس کا فیچر موجود ہے، جس کے ذریعے صارفین ایسی گفتگو کر سکتے ہیں جو ان کی عام چیٹ ہسٹری میں ظاہر نہیں ہوتی۔ تاہم، لاک چیٹس کا مقصد حساس گفتگو کو محفوظ رکھتے ہوئے اس تک رسائی محدود کرنا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے اور اسے مرحلہ وار مفت، گو، پلس، پرو، بزنس، انٹرپرائز اور ایجو پلانز کے صارفین تک پہنچایا جائے گا۔