وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کرتے ہوئے پیٹرول سستا اور ہائی اسپیڈ ڈیزل مہنگا کردیا ہے۔ وزارتِ پیٹرولیم ڈویژن نے 22 اکتوبر 2026 کے لیے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2 روپے 71 پیسے کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے جاری کردہ طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت 382 روپے 02 پیسے سے کم ہوکر 379 روپے 31 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 31 پیسے اضافے کے بعد 389 روپے 80 پیسے سے بڑھ کر 390 روپے 11 پیسے ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے 22 اکتوبر 2026 تک ایک روز کے لیے کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قیمتوں میں رد و بدل عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 28 مرتبہ کمی اور 37 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس عرصے کے دوران 26 مرتبہ کمی اور 38 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل 20 اکتوبر کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 88 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 53 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد پیٹرول 382 روپے 02 پیسے اور ڈیزل 389 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہوگیا تھا۔
حکومت نے 19 اکتوبر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 16 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 69 پیسے کمی کی تھی۔ اس کمی کے بعد پیٹرول کی قیمت 381 روپے 14 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 389 روپے 27 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔
اس سے قبل 16 اکتوبر کو حکومت نے 17 سے 19 اکتوبر تک کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 93 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی، جس کے بعد اس کی قیمت 386 روپے 30 پیسے ہوگئی تھی۔ اس موقع پر ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا تھا اور اسے 396 روپے 96 پیسے فی لیٹر برقرار رکھا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے باعث حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین کررہی ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔
مسلسل مہنگے ایندھن کے اثرات کم کرنے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔