خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع کے انتظامی امور کے لیے ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ منظور، 30 افسران کی آسامیاں مختص

خیبر پختونخوا کے 12 اضلاع کے انتظامی امور کے لیے ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ منظور، 30 افسران کی آسامیاں مختص

حکومتِ خیبر پختونخوا نے صوبے میں انتظامی امور کی مؤثر انجام دہی، سرکاری محکموں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور عوامی خدمات کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ صوبائی حکومت کی جانب سے نامزد 12 اضلاع کے لیے قائم کیا گیا انتظامی فورم ہوگا، جس کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکریٹری بطور ایڈمنسٹریٹر کریں گے۔

اس انتظامی بندوبست کے تحت مختلف صوبائی محکموں سے مجموعی طور پر 30 افسران کی آسامیاں عارضی طور پر ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ کو منتقل کی جائیں گی۔ ان میں گریڈ 20 کے 5 اسپیشل سیکریٹریز، گریڈ 18 کے 10 ڈپٹی سیکریٹریز اور گریڈ 17 کے 15 سیکشن افسران شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں سہولیات عوام کی دہلیز پر پہنچانے کا سلسلہ جاری، مردان میں احساسِ بے زبان صحت گاڑی متعارف

نوٹیفکیشن کے مطابق ان افسران کے ساتھ متعلقہ دفتری، وزارتی اور معاون عملہ بھی دستیاب ہوگا تاکہ دفتری امور کی انجام دہی، انتظامی معاونت اور سرکاری ذمہ داریوں کی تکمیل میں کسی قسم کا تعطل پیدا نہ ہو۔

حکومتِ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایریا ڈویلپمنٹ سیکریٹریٹ سے متعلق انتظامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور مزید احکامات جاری ہونے تک برقرار رہیں گے۔

Related Articles