کپل شرما شو کیوں چھوڑا؟ کئی سال بعد علی اصغر نے اصل وجہ بتا دی

کپل شرما شو کیوں چھوڑا؟ کئی سال بعد علی اصغر نے اصل وجہ بتا دی

بھارتی کامیڈین اور اداکار علی اصغر نے کئی سال بعد انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے مقبول کامیڈی پروگرام ’دی کپل شرما شو‘ سے علیحدگی کا فیصلہ کیوں کیا تھا۔

شو میں دادی کے کردار سے شہرت حاصل کرنے والے علی اصغر کے مطابق، مسلسل خواتین کے کردار ادا کرنے سے وہ اکتا گئے تھے اور اپنے فن کو نئے انداز میں آزمانا چاہتے تھے۔

منیش پال کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں اداکار نے بتایا کہ بہت سے لوگ ان کے شو چھوڑنے کے فیصلے پر حیران ہوتے ہیں۔ ان کے بقول، ’کامیڈی سرکس‘ سمیت مختلف پروگراموں میں انہیں بار بار خواتین کے کردار دیے جاتے تھے۔ کبھی وہ نرس بنتے، کبھی ساس اور کبھی سبزی فروش خاتون کا روپ دھارتے۔ ایک ہی طرح کے کردار بار بار ادا کرنے سے وہ یکسانیت محسوس کرنے لگے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی جاسوس کی کہانی پر مبنی فلم نیپال میں نمائش سے روک دی گئی

علی اصغر نے وضاحت کی کہ مصنفین کے لیے دو مرد کامیڈینز میں سے کسی ایک کو خاتون کے روپ میں دکھانا نسبتاً آسان ہوتا تھا، اسی لیے انہیں مسلسل ایسے کردار ملتے رہے۔ تاہم، وہ اپنے کام میں تنوع چاہتے تھے اور مختلف نوعیت کے کرداروں کے ذریعے اپنی صلاحیتیں آزمانا چاہتے تھے۔

اداکار نے اپنی کیفیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر روز صرف دال چاول نہیں کھانا چاہتے تھے، بلکہ کچھ مختلف بھی کرنا چاہتے تھے۔ ان کے لیے یہ فیصلہ محض ایک مقبول شو چھوڑنے کا نہیں، بلکہ اپنے فن میں نئے تجربات کرنے کا بھی تھا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ پروگرام چھوڑنا آسان نہیں تھا، کیونکہ انہیں اپنے خاندان کی کفالت کے لیے کام کی ضرورت تھی۔ وہ اس پوزیشن میں بھی نہیں تھے کہ پروڈیوسرز کے سامنے اپنی شرائط رکھ کر کام چھوڑنے کی دھمکی دے سکیں۔ ان کے مطابق، شوبز کی دنیا میں اکثر یہ سمجھا جاتا ہے کہ ایک فنکار کی جگہ کسی دوسرے کو کام دیا جا سکتا ہے، اسی لیے وہ طویل عرصے تک حالات کے مطابق کام کرتے رہے۔

کپل شرما کے ساتھ اپنے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے علی اصغر نے بتایا کہ انہوں نے ان کے ساتھ کئی بڑے اسٹیج شوز، ایوارڈ تقریبات اور مس انڈیا و مس یونیورس جیسے پروگراموں میں بھی کام کیا۔ انہوں نے اپنے تمام کردار پوری محنت اور دیانت داری سے ادا کیے اور انہیں اپنے ماضی کے کام پر کوئی پچھتاوا نہیں۔

ایکشن ہیرو سے عمر رسیدہ شخص تک دی راک کا ناقابلِ یقین روپیہ بھی پڑھیں:

اگرچہ علی اب ٹیلی ویژن پر پہلے کی طرح دادی کے کردار میں باقاعدگی سے نظر نہیں آتے، لیکن کارپوریٹ تقریبات اور لائیو شوز کے ذریعے آج بھی شائقین سے رابطے میں ہیں۔ ان کے مطابق، انہیں آج بھی ملنے والی محبت اور کام میں ان کے مشہور کرداروں کا اہم حصہ ہے، جنہوں نے انہیں گھر گھر پہچان دلائی۔

editor

Related Articles