پاکستانی جاسوس کی کہانی پر مبنی فلم نیپال میں نمائش سے روک دی گئی

پاکستانی جاسوس کی کہانی پر مبنی فلم نیپال میں نمائش سے روک دی گئی

بالی ووڈ اداکار ایوشمان کھرانہ اور سارہ علی خان کی نئی فلم ’اڑتا تیر‘ کو ریلیز سے قبل نیپال میں بڑی رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑ گیا، جہاں حکام نے فلم کی عوامی نمائش کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

فلم 23 اکتوبر 2026 کو بھارتی سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے، تاہم نیپال میں پابندی کے باعث وہاں اس کی نمائش فی الحال ممکن نہیں ہوگی۔ اسپائی کامیڈی فلم ’اڑتا تیر‘ کی کہانی ایک پاکستانی جاسوس کے گرد گھومتی ہے جو اپنی یادداشت کھو بیٹھتا ہے اور خود کو بھارتی ایجنٹ سمجھنے لگتا ہے۔ فلم میں جاسوسی، ایکشن اور کامیڈی کے ساتھ حب الوطنی کے موضوعات بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کا پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا ناکام ، امریکی وزیر خارجہ نے بھارتی اینکر کو آئینہ دکھا دیا

نیپال میں پابندی کی وجہ کیا بنی؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق، نیپال کی وزارتِ مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے مرکزی فلم سنسر بورڈ کے جائزے کے بعد فلم کی عوامی نمائش روکنے کا فیصلہ کیا۔ اس حوالے سے نیپالی ڈسٹری بیوٹر ’نیشنل سائن گروپ نیپال‘ کو سرکاری خط کے ذریعے آگاہ کیا گیا۔

حکام نے اپنے فیصلے کے لیے نیپال کے نیشنل سنیما ایکٹ کی دفعہ 8 (3) کا حوالہ دیا ہے۔ اس قانون کے تحت ایسی فلموں کی نمائش محدود کی جا سکتی ہے جنہیں ملک کی سلامتی، امن و امان، دوسرے ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات یا مختلف برادریوں کے درمیان ہم آہنگی کے لیے نقصان دہ سمجھا جائے۔

تاہم حکام نے اپنے خط میں واضح نہیں کیا کہ فلم کا کون سا منظر یا مواد اس فیصلے کی وجہ بنا۔ مبصرین کے مطابق، فلم میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدہ تعلقات کی عکاسی ممکنہ طور پر اس فیصلے سے متعلق ہو سکتی ہے، لیکن اس حوالے سے حکام کی جانب سے کوئی واضح تصدیق سامنے نہیں آئی۔

اس فیصلے کے بعد فلم کی نیپال میں ریلیز غیر یقینی ہو گئی ہے، جبکہ بھارتی سینما گھروں میں اس کی طے شدہ ریلیز کی تاریخ 23 اکتوبر 2026 ہے۔

editor

Related Articles