بلوچستان کی محرومیوں کے ازالے کے لیے وفاق کا بڑا قدم، وفاقی ملازمتوں میں بھرتیوں کے لیے خصوصی سیل قائم

بلوچستان کی محرومیوں کے ازالے کے لیے وفاق کا بڑا قدم، وفاقی ملازمتوں میں بھرتیوں کے لیے خصوصی سیل قائم

وفاقی حکومت نے بلوچستان کے اہل امیدواروں کو وفاقی ملازمتوں میں بھرتی کے عمل میں سہولت فراہم کرنے اور صوبے کے مقررہ کوٹے پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں خصوصی سیل قائم کر دیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے بلوچستان فیڈرل ایمپلائمنٹ فسیلی ٹیشن سیل کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ خصوصی سیل وفاقی وزارتوں اور محکموں میں بلوچستان کے کوٹے کے مطابق شفاف اور بروقت بھرتیوں کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے گا۔

سیل وفاقی محکموں میں بھرتیوں کے موجودہ طریقہ کار کا جائزہ لے گا اور بلوچستان کے امیدواروں کو ملازمتوں کے حصول میں درپیش انتظامی اور عملی رکاوٹوں کی نشاندہی کرکے انہیں دور کرنے کے لیے تجاویز مرتب کرے گا۔ اس کے علاوہ صوبے کے دور دراز علاقوں کے امیدواروں کو وفاقی ملازمتوں کی آسامیوں سے آگاہ کرنے اور ان تک رسائی بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:نواز شریف لندن سے پاکستان کیلئے روانہ، وطن پہنچ کر اہم سیاسی فیصلوں میں رہنمائی دیں گے

خصوصی سیل وفاقی وزارتوں، محکموں اور متعلقہ ذیلی اداروں کے ساتھ رابطے میں رہے گا تاکہ بھرتیوں کا عمل مقررہ قواعد، وفاقی پالیسی اور بلوچستان کے لیے مختص کوٹے کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جوائنٹ سیکریٹری (ریگولیشن) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو سیل کا مجموعی انچارج مقرر کیا گیا ہے، جبکہ شاہد نواز کو بلوچستان فیڈرل ایمپلائمنٹ فسیلی ٹیشن سیل کا کوآرڈی نیٹر نامزد کیا گیا ہے۔

خصوصی سیل کے قیام کا مقصد بلوچستان کے اہل امیدواروں کو وفاقی ملازمتوں کے حصول میں درپیش مشکلات کم کرنا اور صوبے کے مقررہ ملازمتی کوٹے کے تحت بھرتیوں کے عمل کو مؤثر بنانا ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles