نواز شریف لندن سے پاکستان کیلئے روانہ، وطن پہنچ کر اہم سیاسی فیصلوں میں رہنمائی دیں گے

نواز شریف لندن سے پاکستان کیلئے روانہ، وطن پہنچ کر اہم سیاسی فیصلوں میں رہنمائی دیں گے

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف لندن سے پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے۔ ان کے ہمراہ صاحبزادے حسن نواز اور حسین نواز بھی روانہ ہوئے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے انہیں ایون فیلڈ سے رخصت کیا۔

نواز شریف کی وطن واپسی ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ملک کو اہم سیاسی اور سکیورٹی معاملات کا سامنا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ اور گورنر راج کے بعد صوبے کی صورت حال قومی سیاست کا اہم موضوع بنی ہوئی ہے۔ ان کی واپسی کے بعد ان معاملات پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے مشاورت اور آئندہ سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے رہنمائی کو اہمیت دی جا رہی ہے۔

نواز شریف اس سے قبل لندن میں گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی حمایت کر چکے ہیں۔ ان کا مؤقف تھا کہ صوبے میں حالات قابو سے باہر ہو رہے تھے اور یہ فیصلہ پہلے کر لینا چاہیے تھا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے گزشتہ 13 سالہ دورِ حکومت پر بھی تنقید کی تھی۔ 

یہ بھی پڑھیں:جاوید ہاشمی نے اوقاف کی زمین بھی نہ چھوڑی، کروڑوں روپے کی اراضی پر پہلے قبصہ کیا پھر فروخت کردی، کرپشن کے بے تاج بادشاہ کی کرپشن کہانی نے ہلا کر رکھ دیا

ان کی وطن واپسی کے بعد خیبر پختونخوا کی صورت حال، امن و امان، دہشت گردی کے خلاف اقدامات، وفاق اور صوبوں کے تعلقات سمیت دیگر اہم ملکی اور سیاسی معاملات پر پارٹی کی آئندہ حکمت عملی زیرِ غور آنے کا امکان ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر کی حیثیت سے نواز شریف کی رائے پارٹی کی سیاسی سمت کے تعین میں اہم سمجھی جاتی ہے۔

حسن نواز اور حسین نواز بھی ان کے ہمراہ پاکستان کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔ تاہم وطن آمد کے بعد نواز شریف کی ملاقاتوں، مشاورتی اجلاسوں اور آئندہ مصروفیات کے باضابطہ شیڈول کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں

Qaisar Mirza
editor

Related Articles