بینظیر انکم سپورٹ پروگرام: رقم ملنے کا نیا اور آسان طریقہ سامنے آگیا

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام: رقم ملنے کا نیا اور آسان طریقہ سامنے آگیا

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت مستحق خواتین کو مالی امداد کی ادائیگی کے نظام میں نئی سہولت متعارف کرائی گئی ہے، جس کے تحت بینیفشریز انٹر آپریبلٹی کے ذریعے کسی بھی دن، کسی بھی وقت اور کسی بھی بینک سے اپنی رقم وصول کرسکیں گی، جبکہ ڈیجیٹل والٹ کھلوانے کے لیے اسمارٹ فون ہونا بھی ضروری نہیں ہوگا۔

ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر عصمت نواز کے مطابق مستحق خواتین کو رقوم کی ادائیگی متعلقہ بینکوں کے مجاز ایجنٹس کے ذریعے جاری رہے گی، کیونکہ ملک کے ہر علاقے میں بینک برانچز کی دستیابی ممکن نہیں ہے۔

ڈاکٹر عصمت نواز نے وضاحت کی کہ بینک بی آئی ایس پی کے سامنے جواب دہ ہیں، جبکہ ایجنٹس اپنے متعلقہ بینکوں کو جواب دہ ہوتے ہیں۔ انٹر آپریبلٹی کی سہولت کے تحت مستحق خواتین کسی بھی دن، کسی بھی وقت اور کسی بھی بینک سے اپنی رقم وصول کرسکیں گی۔
مستحق خواتین کو ہر تین ماہ بعد 14 ہزار 500 روپے ملیں گے
ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی نے بتایا کہ پروگرام کے تحت مستحق بینیفشریز کو ہر تین ماہ بعد 14 ہزار 500 روپے کی مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔ اس امداد کا مقصد کم آمدنی والے گھرانوں کو مالی سہارا دینا اور ان کی مشکلات میں کمی لانا ہے۔
ڈیجیٹل والٹ کے لیے اسمارٹ فون کی شرط ختم
ڈاکٹر عصمت نواز نے واضح کیا کہ ڈیجیٹل والٹ کھلوانے کے لیے اسمارٹ فون ہونا ضروری نہیں، بلکہ مستحق خواتین سادہ موبائل فون کے ذریعے بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز 2008 میں ہوا تھا اور وقت کے ساتھ اس کے نظام میں مختلف تبدیلیاں کی گئیں۔ ڈیجیٹل والٹ کا اجرا بھی پروگرام کی حالیہ اہم تبدیلیوں میں شامل ہے۔ سوشل پروٹیکشن والٹ خصوصی طور پر بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کے لیے مختص ہوگا۔

Related Articles