سینئر صحافی و تجزیہ کار بینش سلیم نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی بڑی مجبوری کے تحت نافذ کی گئی، وزیراعظم نے کے پی پولیس اور مسلح افواج کو اعتماد میں لے لیا ہے، جبکہ پاکستان تحریک انصاف اگر پولیس کو جدید اسلحہ فراہم نہیں کرے گی تو وہ دہشت گردوں کا مقابلہ کیسے کرے گی۔ انہوں نے مراد سعید اور اقبال آفریدی سے متعلق بھی سخت بیانات دیے۔
آزاد پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بینش سلیم نے کہا کہ خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کے حوالے سے کہا تھا کہ انہیں اس جماعت پر ترس آتا ہے کہ یہ کس قدر بدقسمت پارٹی ہے۔
مراد سعید سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بینش سلیم نے کہا کہ مراد سعید جس جگہ چھپ کر معدنیات کے خلاف مہم چلا رہے ہیں، جس دن وہ پکڑے گئے تو ان کے لیے بچنا مشکل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مراد سعید کو پہلے جانے دیا گیا تھا کہ وہ جا کر کیا کرتے ہیں، تاہم اب جب سیکیورٹی فورسز انہیں پکڑ کر واپس لائیں گی تو ان کے بقول ان کا بچنا ممکن نہیں ہوگا۔
اقبال آفریدی سے متعلق بینش سلیم نے کہا کہ وہ افغانستان فرار ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اقبال آفریدی کے بیٹے نے بیرون ملک جا کر پناہ کی درخواست دی تھی اور وہ بھی ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر، جبکہ اقبال آفریدی نے قومی اسمبلی میں کھڑے ہو کر کہا تھا کہ پاکستان میں رہنے کے حالات نہیں ہیں۔ بینش سلیم کے مطابق انہیں پہلے ہی پکڑ لینا چاہیے تھا، تاہم اب وہ افغانستان فرار ہوگئے ہیں تو کب تک چھپیں گے، پاکستانی فورسز انہیں ڈھونڈ ہی لیں گی۔
