خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھنے کا عزم، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت

خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھنے کا عزم، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھی جائیں گی، جبکہ دہشت گردی کے خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری اور مسلسل چوکس رہنا ضروری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی مجموعی سیکیورٹی صورتِ حال، انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں اور سرحدی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل کو صوبے میں تعینات فوجی فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے جاری اقدامات اور سرحدی انتظامات سے متعلق صورتِ حال پیش کی گئی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ دہشت گردی کے خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے ہر سطح پر اعلیٰ آپریشنل تیاری برقرار رکھی جائے اور مسلسل چوکس رہتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلے، اراضی اور دیگر اثاثے کیسے بنے؟ شہر شہر ،گلی گلی اور کوچہ کوچہ مولانا فضل الرحمان سے منی ٹریل اور ذرائع آمدن کی تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑنے لگا

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عوام، شہداء اور سیکیورٹی فورسز کے غازیوں کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔

فیلڈ مارشل نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دے گا۔

دورے کے دوران افسران اور جوانوں کے حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیاریوں کو سراہنا اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ خیبر پختونخوا سمیت ملک میں دہشت گردی کے خطرات کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles