ریاست کے خلاف لوگوں کو اکسانے والوں سے کوئی نرمی نہیں ہوگی، محسن نقوی کا دوٹوک اعلان

ریاست کے خلاف لوگوں کو اکسانے والوں سے کوئی نرمی نہیں ہوگی، محسن نقوی کا دوٹوک اعلان

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف تقریریں کرنے اور لوگوں کو حکومت کے خلاف کھڑے ہونے پر اکسانے والوں سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے بعد حکومت مخالف احتجاج پر اکسانے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں اور مزید مقدمات بھی درج ہوں گے۔

لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے حکام کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد بعض عناصر نے کوشش کی کہ حکومت کے خلاف بلوہ ہو اور عوام احتجاج کریں، تاہم ایسے افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں اور مزید کارروائی بھی کی جائے گی۔

سائبر کرائم کے حوالے سے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر کوئی شخص آن لائن پیسے مانگ رہا ہو اور آپ اسے جانتے نہ ہوں تو ہرگز رقم نہ دیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنی کسی بھی قسم کی تصویر کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: وزارتیں بیٹوں میں تقسیم اور اقتدار نہ ملے تو ریاست پر وار، بنوں کے عوام نے فضل الرحمان کا مکروہ کردار بے نقاب کردیا

محسن نقوی نے کہا کہ بعض خواتین تصاویر شیئر کرنے کے بعد بلیک میلنگ کا شکار ہو جاتی ہیں اور خواتین کو بلیک میل کرنے سے متعلق شکایات سائبر کرائم حکام کو زیادہ موصول ہوتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ این سی سی آئی اے کے ملازمین کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ اس وقت پورے پنجاب میں ادارے کے پاس 61 اہلکار ہیں۔ ادارے کے وسائل میں اضافہ کیا جائے گا اور اہلکاروں کی تعداد بھی بڑھائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سائبر پولیس کو متحرک کیا جا رہا ہے اور اسے مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ چند روز قبل این سی سی آئی اے نے ایف بی آئی کو مطلوب ایک ملزم کو گرفتار کیا، جبکہ کچھ دن پہلے پورنوگرافی سے متعلق مقدمات میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ملازم ہو یا کوئی اور شخص، اگر وہ ہراسانی کے کسی کیس میں ملوث ہوا تو اسے گرفتار کیا جائے گا۔

Related Articles