دعوے اور منفی سیاست نہیں بلکہ کام ہوگا ، خیبر پختونخوا کی نئی انتظامیہ نے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو بحال کرنے اور نوجوان کھلاڑیوں کی سرپرستی کے لیے عملی اقدامات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق نوجوان نسل کو منفی رویوں اور سرگرمیوں سے دور رکھ کر صحت مند ماحول فراہم کرنے کی پالیسی کے تحت، خصوصاً نوزائیدہ قبائلی اضلاع پر خاص توجہ دی جا رہی ہے ، اسی تسلسل میں، ضلع مہمند کے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے ورزشی سہولیات کی ترجیحی بنیادوں پر فراہمی جاری ہے۔
16 کرکٹ پچز اور 8 جدید والی بال گراؤنڈز کی تعمیر
حکومتی ذرائع کے مطابق ضلع مہمند کے نوجوانوں میں کرکٹ اور والی بال کے بے پناہ شوق کو مدنظر رکھتے ہوئے، علاقے میں کل 16 نئی کرکٹ پچز اور 8 جدید والی بال گراؤنڈز بنانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ، اس منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور پہلے مرحلے کے تحت 6 کرکٹ پچز اور 3 والی بال گراؤنڈز کی تعمیر مکمل بھی کی جا چکی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ باقی ماندہ گراؤنڈز کی تیاری بھی آخری مراحل میں ہے، جنہیں جلد ہی مقامی کھلاڑیوں کے حوالے کر دیا جائے گا۔
مفت سپورٹس کٹس کی تقسیم اور انفراسٹرکچر کی بہتری
صوبائی حکومت نے گراؤنڈز کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مقامی نوجوانوں میں مفت سپورٹس کٹس تقسیم کرنے کا بھی اہم فیصلہ کیا ہے، اس اقدام کا مقصد مالی مشکلات کا شکار باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے کھیل کو آگے بڑھا سکیں۔
حکام کے مطابق ان تمام اقدامات کا بنیادی مقصد دور افتادہ قبائلی علاقوں کے کھیلوں کا انفراسٹرکچر مضبوط بنانا، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور صوبے میں امن و صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔