پی ٹی آئی رہنماء صنم جاوید کو اہل خانہ کے ہمراہ اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیراعلی خیبرپختونخوا یارمحمد نیازی نے بتایا کہ علی امین کی ہدایت پر صنم جاوید کو اسلام آباد میں خیبرپختونخوا ہاؤس منتقل کردیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق صنم جاوید کے ہمراہ ان کی فیملی بھی موجود ہے جو جمعرات تک خیبرپختونخوا ہاؤس میں مقیم رہیں گی۔ ترجمان نے بتایا کہ وزیراعلی علی امین صنم جاوید کے والد اور شوہر کیساتھ رابطے میں ہیں۔
مزید پڑھیں: صنم جاوید کو اسلام آباد کی حدود سے باہر لے جانے پر پابندی
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی کارکن صنم جاوید کو جمعرات تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے حکم دیا کہ صنم جاوید کو جمعرات تک گرفتار نہ کیا جائے۔ عدالت نے صنم جاوید کو گھر جانے کی اجازت بھی دیدی اور حکم دیا کہ صنم جاوید اس دوران ایک بھی لفظ بولیں تو عدالت اپنا آرڈر واپس لے لے گی۔
عدالت نے حکم دیا کہ جمعرات تک صنم جاوید اسلام آباد کی حدود سے باہر نہ جائیں۔