امریکی ٹرانسپورٹ سیفٹی ریگولیٹر نے جاپانی آٹو میکر کمپنی ہونڈا کی مشہورِ زمانہ منی وین ’ہونڈا اوڈیسی‘ کی تقریباً 441,002 گاڑیوں سے متعلق جاری ہائی پروفائل حفاظتی تحقیقات کو باضابطہ طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ انکوائری اس وقت شروع کی گئی تھی جب گاڑیوں کے ایئر بیگز سفر کے دوران بغیر کسی حادثے کے غیر متوقع طور پر خود بخود کھلنے کے متعدد سنگین واقعات سامنے آئے تھے۔
امریکی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن نے تصدیق کی ہے کہ ہونڈا کی جانب سے نقص دور کرنے کے لیے گاڑیوں کو واپس بلانے (ری کال) کے بعد اس کیس کو اب بند کیا جا رہا ہے۔
سڑک کے گڑھوں پر ایئر بیگز کا کھلنا اور تحقیقات کا آغاز
امریکی ریگولیٹر کے مطابق یہ تحقیقات 2018 سے 2022 کے ماڈل کی ہونڈا اوڈیسی منی وینز میں حفاظتی نقص کی شکایات پر شروع کی گئی تھیں۔
حیران کن طور پر متعدد ڈرائیورز نے رپورٹ کیا کہ جب ان کی گاڑیاں سڑک پر موجود عام گڑھوں یا ناہموار راستوں سے گزریں، تو بغیر کسی تصادم یا حادثے کے گاڑی کے ایئر بیگز اچانک کھل گئے، جس سے نہ صرف ڈرائیورز ہڑبڑا گئے بلکہ سڑک پر بڑے حادثات کا خطرہ بھی پیدا ہو گیا۔
130 وارنٹی کلیمز اور 25 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق
ہونڈا کمپنی نے امریکی ریگولیٹر کے سامنے جمع کرائی گئی اپنی آفیشل فائلنگ میں اعتراف کیا ہے کہ جنوری 2017 سے اپریل 2026 کے درمیان اس مخصوص تکنیکی مسئلے سے متعلق کمپنی کو 130 وارنٹی کلیمز موصول ہوئے۔
اس کے علاوہ، ایئر بیگز کے غیر متوقع طور پر کھلنے کے باعث مختلف واقعات میں 25 افراد کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔
تاہم کمپنی اور ریگولیٹر دونوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ اس نقص کی وجہ سے اب تک کسی جانی نقصان یا ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
ہونڈا کا ‘ری کال’ آپریشن اور کیس کا باضابطہ خاتمہ
سیفٹی ریگولیٹرز کے دباؤ اور عوامی شکایات کے بعد ہونڈا نے متاثرہ 4 لاکھ 41 ہزار سے زیادہ گاڑیوں کے سافٹ ویئر اور سینسرز کے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک باقاعدہ ‘ری کال’ (گاڑیاں واپس منگوانے یا مفت ٹھیک کرنے کا عمل) جاری کیا۔
کمپنی کی جانب سے اس نقص پر قابو پانے کے لیے کیے گئے ٹھوس اور فوری اقدامات کو تسلیم کرتے ہوئے امریکی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن نے ابتدائی تحقیقات کو بند کرتے ہوئے کیس کو داخلِ دفتر کر دیا ہے۔
امریکی آٹو مارکیٹ میں ‘نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن’ گاڑیوں کی فٹنس اور مسافروں کی سیکیورٹی کے حوالے سے دنیا کا سخت ترین ریگولیٹر مانا جاتا ہے۔
ہونڈا اوڈیسی امریکا میں فیملیز کی پسندیدہ منی وینز میں شمار ہوتی ہے، اس لیے ایئر بیگز جیسے حساس ترین سیفٹی فیچر میں خرابی کمپنی کی ساکھ کے لیے ایک بڑا خطرہ بن گئی تھی۔
عام طور پر ایئر بیگز گاڑی کے فرنٹ یا سائیڈ پر شدید ہٹ لگنے پر کھلتے ہیں، لیکن ہونڈا کے سینسرز سڑک کے گڑھوں کے جھٹکے کو ‘حادثہ’ سمجھ کر ایئر بیگز کو کمانڈ بھیج رہے تھے، جسے اب سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے ذریعے درست کر دیا گیا ہے۔