ہالی ووڈ کی معروف فرانسیسی اداکارہ ایوا گرین نیٹ فلکس کی مقبول سیریز ’’ویڈنزڈے‘‘ کے تیسرے سیزن کی شوٹنگ کے دوران حادثے کا شکار ہونے کے بعد اسپتال منتقل کر دی گئیں۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق 45 سالہ اداکارہ آئرلینڈ کے شہر ڈبلن کے قریب شوٹنگ میں مصروف تھیں کہ اس دوران ان کی ٹانگ زخمی ہوگئی۔ واقعے کے بعد طبی عملے کو فوری طور پر سیٹ پر طلب کیا گیا، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایوا گرین کی چوٹ کے باعث سیریز کی شوٹنگ عارضی طور پر روک دی گئی تھی، تاہم بعد ازاں فلم بندی دوبارہ شروع کر دی گئی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پروڈیوسرز نے اداکارہ کی صحت کے معاملے میں کوئی خطرہ مول لینے کے بجائے فوری طبی امداد فراہم کی۔ علاج کے بعد ایوا گرین کی حالت بہتر ہے اور وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہی ہیں۔
ایوا گرین جیمز بانڈ فلم ’’کازینو روائل‘‘ میں ویسپر لنڈ کے کردار سے عالمی شہرت حاصل کر چکی ہیں، جبکہ وہ پہلی بار نیٹ فلکس کی سپر ہٹ سیریز ’’ویڈنزڈے‘‘کے تیسرے سیزن کا حصہ بن رہی ہیں۔
یاد رہے کہ ’’ویڈنزڈے‘‘ نیٹ فلکس کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی انگریزی زبان کی سیریز میں شمار ہوتی ہے۔ اس میں مرکزی کردار اداکارہ جینا اورٹیگا نبھا رہی ہیں، جبکہ تیسرے سیزن میں لینا ہیڈی، جیمز لانس، اینڈریو میکارتھی، ونونا رائیڈر اور دیگر معروف فنکار بھی شامل ہوں گے۔
اگرچہ سیریز کے تیسرے سیزن کی ریلیز کی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، تاہم مداحوں کو امید ہے کہ اسے بھی گزشتہ سیزن کی طرح دو حصوں میں پیش کیا جائے گا۔