لبنان پر حملوں کا جواب ،ایران نے اسرائیل پر میزائل داغ دئیے

لبنان پر حملوں کا جواب ،ایران نے اسرائیل پر میزائل داغ دئیے

ایران نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر ہونے والے اسرائیلی حملوں کے جواب میں اسرائیل پر میزائل داغ دیے ہیں جس کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق ایران کی جانب سے متعدد میزائل فائر کیے گئے جنہیں فضائی دفاعی نظام کے ذریعے ناکام بنانے کی کوشش کی گئی۔ فوج نے دعویٰ کیا کہ میزائل لانچ کا پتا چلتے ہی حیفا اور شمالی اسرائیل کے دیگر علاقوں میں خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ممکنہ مزید حملوں کے خدشے کے پیش نظر سکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق آئندہ چند گھنٹے انتہائی اہم ہیں اور دفاعی نظام مکمل طور پر متحرک ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :ایران کا امریکہ اور اسرائیلی اہداف پر بڑا حملہ، اہم کمانڈرز کے ٹھکانے تباہ کرنے کا دعویٰ

ایرانی میزائل حملے کا دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اتوار کے روز اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں کو نشانہ بنایا تھا۔ ان حملوں کے نتیجے میں جانی نقصان کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، تاہم متاثرین کی حتمی تعداد کے بارے میں فوری طور پر کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔

اس سے قبل ایرانی حکام نے خبردار کیا تھا کہ اگر لبنان پر اسرائیلی حملے جاری رہے تو اس کا جواب دیا جائے گا۔ ایرانی قیادت نے بیروت پر حملوں کو خطے کے امن کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے جوابی کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔

دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ لبنان پر حملے فوری طور پر بند کیے جائیں، بصورت دیگر اس کے نتائج مزید سنگین اور تباہ کن ہو سکتے ہیں۔

editor

Related Articles