وفاقی وزارت داخلہ نے ججز، وزراء اور بیوروکریٹس کے سیکیورٹی اخراجات کے حوالے سے تفصیلات پارلیمنٹ میں جمع کرواتے ہوئے کہا ہے کہ ججوں وزراء اور بیوروکریٹس کے سیکیورٹی اخراجات صرف ایک ماہ میں چار کروڑ 78 لاکھ 85 ہزار سے زائد خرچ ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزارتِ داخلہ نے ججز، وزراء اور بیورو کریٹس کے حوالے سے سیکیورٹی اخراجات کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف گزشتہ ایک ماہ میں ججز، وزراء اور بیورو کریٹس کی سیکوریٹی اخراجات چار کروڑ 78 لاکھ سے زائد خرچ ہوئے ہیں۔ وزارتِ داخلہ کے حکام کے مطابق ججز وزراء اور بیوروکریسی کو وی وی آئی پیز کے طور پر ڈیل کیا جاتا ہے ۔اور ان کی سیکیورٹی پر 44 گاڑیاں اور 532 پولیس افسران و اہل کار 24 گھنٹے ڈیوٹی دیتے ہیں ۔اس حوالے سے دستیاب دستاویز کے مطابق ججز وزراء اور بیوروکریسی کی سیکیورٹی پر صرف ایک ماہ میں چار کروڑ 78 لاکھ 85 ہزار سے زائد کے اخراجات آئے ۔ججز کے ساتھ 34 گاڑیاں اور 409 گارڈز تعینات ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: شیخ حسینہ واجد کی بنگلہ دیشی ایوانِ وزیراعظم میں آخری دن کی روداد
ججز کی سیکیورٹی پر مجموعی طور پر تین کروڑ 68 لاکھ 83 ہزار روپے کے اخراجات آئے ۔وزارتِ داخلہ کے حکام کے مطابق بیوروکریٹس کے ساتھ چھ گاڑیاں اور 79 اہل کار تعنیات ہیں اور ان پر مجموعی طور پر 69 لاکھ سے زائد کے اخراجات آئے ۔وزارتِ داخلہ کے مطابق وزراء کے ساتھ چار گاڑیاں اور 44 سیکیورٹی اہل کار تعنیات ہیں اور وزراء کی سیکیورٹی پر 40 لاکھ 68 ہزار روپے سے زائد کے اخراجات آئے ہیں اور ان اخراجات میں گاڑیوں کا پٹرول اور مرمت سمیت سیکیورٹی اہل کاروں کی تنخواہ شامل ہے ۔