تحریک انصاف کوکل لاہور میں جلسے کی اجازت مل گئی

تحریک انصاف کوکل لاہور میں جلسے کی اجازت مل گئی

پنجاب حکومت نے  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ایس او پیز کے ساتھ جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا، لیکن مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت نہيں دی جائے گی۔

انصاف لائر فورم کے صدر اشتیاق احمد خان نے بھی آزاد ڈیجیٹل سے بات کرتے بتایا کہ  تحریک انصاف کو قصور روڈ پر کاہنہ کے قریب جلسہ کی مشروط اجازت دی گئی ہے ۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے  مطابق پی ٹی آئی کو لاہور رنگ روڈ، کاہنہ پر سہ پہر تین  بجے سے شام 5 بجے تک جلسہ کرنے کی اجازت دے دی گئی۔

ضلعی انتظامیہ نے 43 شرائط و ضوابط کے ساتھ پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دی ہے اور ڈپٹی کمشنر نے جلسے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو 8 ستمبر کے جلسے میں سخت زبان پر معافی مانگنا ہوگی اور جلسے کی سکیورٹی آرگنائزرز کے ذمے ہوگی۔

اس سے قبل ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں پولیس رپورٹس اور اسلام آباد جلسے کے بعد کی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا اور پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے یا نہ دینے کے حوالے سے تجاویز پر بھی غور کیا گیا تھا۔

دوسری جانب لاہور میں مینارِ پاکستان میں بڑی تعداد میں کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں اور شہریوں کا داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے۔

واضح رہے لاہور ہائیکورٹ نے آج صبح تحریک انصاف کا جلسہ رکوانےکے لئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دےکر مستردکر دی تھی اور حکومت کو جلسے کی اجازت سے متعلق شام 5 بجے تک فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *