بیروت: اسرائیلی فوج کی لبنان میں بمباری کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت500 سے زائد افراد شہید اور 1600 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ اموات میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، اسرائیلی فوج نے لبنان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں اندھا دھند بمباری کی، جس میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ لبنان کی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ شہید ہونے والوں کی تعداد 592 تک پہنچ گئی ہے اور زخمیوں میں سے درجنوں کی حالت نازک ہے۔
ہلاکتوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں، اور متعدد مکانات بھی تباہ ہوئے ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ موجود ہے۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، بیروت میں فضائی حملے کے دوران حزب اللہ کے جنوبی ریجن کے کمانڈر علی کرکی بھی شہید ہوئے۔ اسرائیلی فضائی کارروائیوں میں 58 خواتین، 36 بچے، 2 پیرامیڈکس، اور 2 طالبات بھی شہید ہوئیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فضائی کارروائیوں کے بعد متاثرہ علاقے ملبے میں تبدیل ہو گئے ہیں اور وہاں سے سیکڑوں شہری نقل مکانی کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ آج صبح اسرائیلی فوج نے لبنانی شہریوں کو ٹیکسٹ پیغامات بھیجے، جس میں انہیں حزب اللہ کے زیر استعمال عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
حملوں سے پہلے سائرن بجائے گئے، اور پھر ہر جانب سے بم بے گناہ شہریوں پر گرتے رہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔