23 سالہ جرمن یوٹیوبر نے فضا میں چھلانگ لگا کر حیران کن کارنامہ انجام دیا اور اپنا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج کروا لیا۔
ٹام کوپکے، جو آن لائن نام ’’ٹولیکو‘‘ سے جانے جاتے ہیں نے جنوبی افریقہ کے شہر موسیل بے کے اوپر اسکائی ڈائیونگ کے دوران ہوا میں ہی روبکس کیوب حل کر کے نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
انہوں نے فری فال کے دوران صرف 23.333 سیکنڈ میں مکعب حل کیا اور اس کے فوراً بعد پیراشوٹ کھول لیا۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ 28.25 سیکنڈ تھا جو 2023 میں آسٹریلیا کے سام سیرکی نے بنایا تھا۔
ٹام کوپکے کے مطابق انہوں نے 18 سال کی عمر میں پہلی بار روبی کس کیوب حل کیا تھا اور تب سے وہ اس چیلنج پر مسلسل پریکٹس کر رہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ کچھ غیر معمولی اور خطرناک اسٹنٹس کرنا چاہتے تھے اور یہی سوچ انہیں اسکائی ڈائیونگ تک لے آئی۔
انہوں نے بتایا کہ سب سے بڑا خطرہ ہوا میں کیوب کو گرانا تھا، اسی لیے انہوں نے زمین اور فضا دونوں میں کافی مشق کی۔ ان کے مطابق اصل مشکل لمحہ وہ ہوتا ہے جب ہاتھوں میں تیزی سے کیوب کی تبدیلی کرنی پڑتی ہے، کیونکہ اسی مرحلے پر اکثر غلطی ہو جاتی ہے۔
یہ منفرد ریکارڈ اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور دنیا بھر میں لوگ اس کارنامے کو حیرت سے دیکھ رہے ہیں۔