گلگت بلتستان میں پولنگ کا وقت مکمل، ووٹوں کی گنتی کا آغاز

گلگت بلتستان میں پولنگ کا وقت مکمل، ووٹوں کی گنتی کا آغاز

گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا مقررہ وقت مکمل ہو گیا ہے جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ پورے خطے میں پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہوا جو شام پانچ بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔ اس دوران ووٹرز نے اپنے حق رائے دہی کا بھرپور استعمال کیا اور مختلف پولنگ اسٹیشنز پر عوام کی بڑی تعداد موجود رہی۔

انتخابی عمل کے دوران شہریوں میں جوش و خروش دیکھا گیا اور مرد و خواتین، نوجوانوں اور بزرگوں نے یکساں طور پر اپنی جمہوری ذمہ داری ادا کی  کئی مقامات پر ووٹرز کی لمبی قطاریں بھی دیکھنے میں آئیں تاہم مجموعی طور پر پولنگ کا عمل پرامن رہا اور کسی بڑے ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

انتظامیہ کی جانب سے پولنگ کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حق استعمال کر سکیں  حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی نفری تعینات رہی جبکہ مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پورے عمل کی نگرانی کرتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں :گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات، بعض مقامات پر سیاسی کارکنوں میں جھڑپیں، چیف الیکشن کمشنر کا اہم بیان جاری

ووٹنگ کے اختتام کے ساتھ ہی تمام پولنگ اسٹیشنز پر ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، عملہ بیلٹ بکس کھول کر ووٹوں کی ترتیب وار گنتی کر رہا ہے اور ابتدائی نتائج آہستہ آہستہ سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے نمائندے بھی مختلف مراکز پر موجود ہیں تاکہ گنتی کے عمل کی نگرانی کر سکیں۔

عوامی حلقوں کی نظریں اب حتمی نتائج پر مرکوز ہیں جبکہ مختلف سیاسی جماعتیں اپنی کامیابی کے دعوے بھی کر رہی ہیں، مجموعی طور پر انتخابی ماحول پرامن اور منظم رہا جسے مقامی مبصرین ایک مثبت پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد سرکاری نتائج کا اعلان کیا جائے گا جس کے بعد واضح ہو گا کہ خطے میں عوام نے کس سیاسی جماعت یا امیدوار پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

editor

Related Articles