سندھ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی تجویز

سندھ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی تجویز

سندھ کے آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کے لیے ریلیف کی ایک بڑی تجویز سامنے آ گئی ہے، جس کے تحت تنخواہوں اور پنشن میں 15 سے 20 فیصد تک اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ تجویز سرکاری ملازمین کے لیے خوشی کی خبر سمجھی جا رہی ہے، تاہم اس کی حتمی منظوری سندھ کابینہ کے فیصلے سے مشروط ہوگی۔

بجٹ تجاویز کے مطابق گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 20 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے جبکہ گریڈ 17 سے 22 تک کے ملازمین کے لیے 15 فیصد اضافہ تجویز ہے

یہ فرق اعلیٰ اور نچلے گریڈ کے ملازمین کے درمیان مالی توازن کو مدنظر رکھتے ہوئے رکھا گیا ہے۔

اسکیل ریوائز اور الاؤنس میں اضافہ

صرف تنخواہوں میں اضافہ ہی نہیں بلکہ بجٹ میں ایک اور اہم تجویز بھی شامل ہے، گریڈ 1 سے 21 تک کے ملازمین کے اسکیلز کو ریویو اور ریوائز کرنے کی سفارش کی گئی ہے، تاکہ موجودہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہی ڈھانچہ بہتر بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : بجٹ میں ان ڈائریکٹ ٹیکسز پر انحصاربڑھنے کا امکان ! عوام کیلئے مہنگائی کا سیلاب آنے کو تیار

اس کے علاوہ گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کے لیے کنوینس الاؤنس کو دوگنا کرنے کی بھی تجویز سامنے آئی ہے، جس سے روزمرہ سفری اخراجات کا بوجھ کم ہونے کی امید ہے۔

ایڈہاک الاؤنسز اور مالی اصلاحات

بجٹ دستاویزات میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ مختلف ایڈہاک الاؤنسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے۔ اس اقدام کو مالی نظام میں بہتری اور تنخواہوں کے ڈھانچے کو سادہ بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

سرکاری ملازمین کی جانب سے ان تجاویز کو مثبت قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ اصل ریلیف اس وقت ملے گا جب ان سفارشات کی باقاعدہ منظوری دی جائے گی۔

واضح رہے کہ یہ تمام تجاویز ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں اور ان کی حتمی منظوری سندھ کابینہ کے فیصلے سے مشروط ہے، اب سب کی نظریں آئندہ کابینہ اجلاس پر مرکوز ہیں، جہاں اس بجٹ کی سمت کا تعین ہوگا۔

editor

Related Articles