کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں مزید معمولی اضافہ ریکار ڈ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق بدھ کو کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں مزید 10 پیسے کے اضافے سے 277 روپے 74 پیسے سے بڑھ کر 277 روپے 84 پیسے ہو گئی ہے ۔کاروبار کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر 20 پیسے کے اضافے سے 277 روپے 94 پیسے پر ٹریڈ کر رہا تھا ، گزشتہ روز امریکی کرنسی 8 پیسے کے معمولی اضافے سے 277 روپے 74 پیسے پر بند ہوئی تھی۔
دوسری جانب سونے کی قیمت نے بلند ترین سطح کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔ آل صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی اور مقامی گولڈ مارکیٹس میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑا اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ آج 24 قیراط سونے کی قیمت میں 2200 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 277200 روپے تک پہنچ گئی۔
اس کے علاوہ 10 گرام سونے کی قیمت 1886 روپے بڑھ کر 237654 روپے ہوگئی۔ دوسری جانب، عالمی منڈی میں سونے کے دام بھی 22 ڈالر کے اضافے کے ساتھ 2675 ڈالر ریکارڈ کیے گئے ہیں۔