کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ دیکھنے کو آیا، جب کہ سونے کی قیمت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ دوسری جانب پاکستانی اسٹاک مارکیٹ نے ایک نئی بلند ترین سطح کو چھو لیا ہے، جس سے سرمایہ کاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب جاری اعدادو شمار کے مطابق بدھ کو انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قیمت میں 5 پیسے کا معمولی اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت 277 روپے 84 پیسے سے بڑھ کر 277 روپے 89 پیسے ہو گئی ہے ۔
کاروبار کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر 4 پیسے کی کمی کے بعد 277 روپے 80 پیسے پر ٹریڈ کر رہا تھا ، گزشتہ روز ڈالر معمولی اضافے سے 277 روپے 84 پیسے پر بند ہوا تھا ۔
اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 278.95 روپے رہی۔ اس کے ساتھ ہی یورو اور برطانوی پاؤنڈ کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں، جبکہ سعودی ریال اور یو اے ای درہم کی قیمتوں میں تھوڑی تبدیلی آئی۔ یورو 299.85 روپے، برطانوی پاؤنڈ 359.85 روپے کا ہو گیا ہے ۔ خلیجی کرنسیوں میں سعودی ریال کی قیمت 74.20 روپے اور یو اے ای درہم کی قیمت 76.00 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کے باعث پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک ہزار روپے کی کمی ہوئی ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک ہزار روپے کمی سے 2 لاکھ 82 ہزار 200 روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 857 روپے کمی سے 2 لاکھ 41 ہزار 941 روپے ہوگئی۔
اے پی جی جے ایس اے کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو عالمی سطح پر بھی سونے کے نرخوں میں کمی واقع ہوئی۔ تاہم چاندی کی فی تولہ قیمت بدستور 3ہزار 430روپے کی سطح پر برقرار ہے۔
گزشتہ ماہ پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 87 ہزار 900 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ عالمی سطح پر سرمایہ کاری کے قابل سونے کی قیمت مستحکم رہی۔
علاوہ ازیں اسٹاک ایکس چینج مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی کاروبار کا آغا مثبت ہوا ۔ 100 انڈیکس 92 ہزار 300 سے اوپر چلا گیا ۔
کاروبار کے دوران انڈیکس میں 510 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 100انڈیکس 92 ہزار 810 کی نئی تاریخی سطح پر چھو گیا ۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی 100 انڈیکس 366 پوائنٹس کے اضافے سے 92 ہزار 304 کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔