پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز بروز اتوار سے شروع ہورہی ہے جس کے بعد دونوں ٹیمیں تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں بھی مدمقابل ہوں گی۔
24نومبر سے 5دسمبر تک یہ تمام میچز بولاوایو کے کوئنز اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔ اس ماہ پاکستان کی یہ دوسری ون ڈے سیریز ہوگی۔ اس نے آسٹریلیا کو اسی کی سرزمین پر دو ایک سے شکست دی تھی۔
عاقب جاوید کی عبوری وائٹ بال ہیڈ کوچ کی حیثیت سے پہلی ون ڈے سیریز ہوگی۔ انہیں چیمپینز ٹرافی تک یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ پاکستان کا ون ڈے اسکواڈ محمد رضوان کی قیادت میں بدھ کو زمبابوے پہنچا تھا اور ون ڈے سیریز سے قبل تین پریکٹس سیشنز کیے۔
پندرہ رکنی اسکواڈ میں عرفات منہاس، بابر اعظم، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کی جگہ ابرار احمد، احمد دانیال شاہنواز دھانی اور طیب طاہر کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان آخری بار ون ڈے سیریز نومبر 2020ء میں راولپنڈی میں کھیلی گئی تھی جہاں پاکستان نے دو ایک سے کامیابی حاصل کی تھی۔ پاکستان نے زمبابوے کے آخری دورے پر جولائی 2018ء میں پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں زمبابوے کو وائٹ واش کیا تھا۔