پاکستان سپر لیگ کے اہم مرحلے سے قبل شائقینِ کرکٹ کو غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب آج ہونے والے کوالیفائر میچ کے ای ٹکٹوں کی فروخت اچانک معطل ہو گئی جس کے باعث مداحوں میں بے چینی پھیل گئی۔
پی ایس ایل کا پلے آف مرحلہ آج سے شروع ہو رہا ہے اور کراچی میں کھیلے جانے والے کوالیفائر میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ آمنے سامنے ہوں گ تاہم میچ سے قبل ای ٹکٹنگ سسٹم میں خرابی کے باعث آن لائن ٹکٹوں کی فروخت عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔
پی ایس ایل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ پر بیک وقت غیر معمولی رش کی وجہ سے یہ مسئلہ پیش آیا جس کے باعث سسٹم عارضی طور پر کام کرنا بند کر گیا۔ حکام کے مطابق ٹیکنیکل ٹیم اس مسئلے کو حل کرنے میں مصروف ہے اور جلد ہی ای ٹکٹوں کی فروخت بحال کر دی جائے گی۔
دوسری جانب شائقین کے لیے متبادل انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق فزیکل ٹکٹوں کی فروخت صبح 10 بجے سے شروع ہو چکی ہے جو مخصوص کوریئر کمپنی کے گلشن اور گلستانِ جوہر میں قائم دفاتر سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ چائنا گراؤنڈ پارکنگ میں بھی دوپہر 12 بجے سے عارضی کاؤنٹر قائم کیا گیا ہے جہاں سے ٹکٹ دستیاب ہوں گے۔
بڑے میچز سے قبل ٹکٹنگ سسٹمز پر دباؤ بڑھ جانا ایک عام مسئلہ ہے تاہم شائقین کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے مضبوط آن لائن نظام کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔ شائقین کو امید ہے کہ یہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا تاکہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے اس اہم مقابلے سے لطف اندوز ہو سکیں۔